1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام کی خانہ جنگی کے شکار باشندوں کی امداد کے وعدے

کشور مصطفیٰ31 مارچ 2015

یورپی یونین نے جنگ سے تباہ حال عرب ریاست شام کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنی امدادی کو بڑھا کر دو گنا یعنی 1.1 بلین یورو کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1F09G
تصویر: Reuters/S. McGehee

کویت میں بروز منگل 31 مارچ کو منعقد ہونے والی ’ شام ڈونر کانفرنس‘ کے موقع پر یورپی یونین کے ایڈ کمشنر کرسٹوس اسٹیلیا نیڈس نے شام کے لیے امدادی رقم میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا، ’’ شام کی بحرانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امداد کی حد سے زیادہ ضرورت پائی جاتی ہے، اس سلسلے میں امداد دینے والی وسیع برادری کو غیر معمولی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ ڈونرز کو زیادہ سے زیادہ امدادی رقوم کے لیے متحرک کیا جا سکے۔‘‘

یورپی یونین کے کمشنر کا مزید کہنا تھا، ’’ یورپی یونین، یورپی کمیشن اور اس یورپی اتحاد کی رکن ریاستوں کی طرف سے یہ فراہم کی جانے والی اس امداد سے شام کے عوام کے مصائب دور کرنے میں مدد مل سکے گی۔‘‘ اس امداد کا مقصد شامی باشندوں کو مستحکم اور طویل المیعاد بحالی کے لیے عطیات فراہم کرنا ہے۔ اس بار کی کانفرنس میں یورپی یونین کی طرف سے امداد کے وعدے میں جس مد میں رقم کا اعلان کیا گیا ہے وہ 2014 ء کی شام کے لیے ڈونر کانفرنس میں کیے جانے والے وعدے کی رقم کا دوگنا ہے۔

Kuwait, Borge Brende bei der Geberkonferenz für Syrien
تیسری شام ڈونر کانفرنس کا انعقاد کویت میں ہواتصویر: REUTERS/S. McGehee

قبل ازیں اس نوعیت کی تیسری کانفرنس کے میزبان ملک کویت کے امیر نے 500 ملین کی امدادی رقم کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ شام کا بحران بلاشبہ جدید تاریخ کا بد ترین بحران ہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے کانفرنس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ عطیات کی رقم میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کر کہ اسے 8.4 بلین ڈالر تک پہنچائیں جس میں سے 55. بلین مہاجرین کے لیے جبکہ 2.9 بلین اب بھی شام میں پھنسے ہوئے شہریوں کی امداد کے لیے مختص کیے جائیں گے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے اب تک کی امداد کی یہ سب سے بڑی اپیل ہے۔

اُدھر امریکا نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شام کے لیے 507 ملین ڈالر کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔ منگل کو کویت میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس کا آغاز کرتے ہوئے کویت کے امیر شیخ الصباح الاحمد نے کہا، ’’شامی عوام کے مصائب اُن ممالک تک پھیل چُکے ہیں، جنہوں نے شامی مہاجرین کو پناہ دی ہوئی ہے۔ انتہائی خستہ حالی میں پڑوسی ممالک کا رُخ کرنے والے شامی پناہ گزینوں کا بوجھ ان ممالک کے لیے بہت زیادہ ہے۔ یہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم شامی مہاجرین کی میزبانی کرنے والے ملکوں کی مدد و حمایت کریں۔‘‘

Kuwait, Ban Ki-moon bei der Geberkonferenz für Syrien
کویت میں ڈونر کانفرنس: بان کی مون کی شرکتتصویر: REUTERS/S. McGehee

شام کی خانہ جنگی اب اپنے پانچویں برس میں داخل ہو چُکی ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق اس دوران اس ملک میں دو لاکھ بیس ہزار افراد ہلاک ہو چُکے ہیں جبکہ بے گھر اور بے سرو سامانی کی حالت میں سر گرداں پھرنے والے 11 ملین افراد عالمی برادری کے لیے ایک چیلنج بن چُکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 4 ملین شامی باشندے پناہ کی تلاش میں قریبی ممالک جیسے کہ لبنان، ترکی، اردن عراق اور مصر کی طرف بڑھنے پر بھی مجبور ہوئے ہیں۔