1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہ رخ خان کی ’چینائی ایکسپریس‘ رکنے کا نام نہ لے

شامل شمس23 اگست 2013

بالی وڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان کی دو ہفتے قبل ریلیز ہونے والی فلم ’چینائی ایکسپریس‘ نے فلم انڈٹسٹری کے تقریباً تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور وہ بھارت کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بننے کے قریب ہے۔

https://p.dw.com/p/19Uvg
Bild: Prabhakar Mani Tewari
تصویر: DW/P.M.Tewari

رواں ماہ عید پر ریلیز کی گئی ’’چینائی ایکسپریس‘‘ بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے لیے بہت ہی کامیاب ثابت ہوئی ہے۔ روہت شیٹی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم نے دو ہفتوں ہی میں تقریباً تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں اور اب یہ فلم بھارتی سطح پر دو سو کروڑ روپے کا ہدف عبور کرنے کو ہے۔ بین الاقوامی سطح پر یہ فلم سو کروڑ روپے کے لگ بھگ کما چکی ہے۔

Szenenbild aus dem Film Solange ich lebe
حالیہ چند سالوں میں شاہ رخ خان کی فلمیں زیادہ کامیاب نہیں رہی تھیںتصویر: www.yashrajfilms.com

خیال رہے کہ بھارت کی کامیاب ترین فلم ’’تھری ایڈیئٹس‘‘ کو قرار دیا جاتا ہے، جسے راج کمار ہرانی نے ڈائریکٹ کیا تھا اور جس میں مرکزی کردار عامر خان نے ادا کیا تھا۔ ’’چینائی ایکسپریس‘‘ ’’تھری ایڈیئٹس‘‘ کا دو سو دو کروڑ روپے کمانے کا ریکارڈ توڑنے کے قریب ہے۔ ریلیز کے بعد سے یہ فلم اب تک ایک سو ستانوے کروڑ کما چکی ہے اور اب بھی اچھا بزنس کر رہی ہے۔

یہ فلم ’’کِنگ خان‘‘ کہلائے جانے والے شاہ رخ خان کے کیریئر میں ایک ایسے وقت آئی ہے جب ان کی شہرت کی ٹرین تھوڑا سست چل رہی تھی۔ گزشتہ چند برسوں میں ان کی فلمیں اتنا بزنس نہیں کر پائی تھیں جتنا کہ ان سے توقع کی جا رہی تھی۔ اس کے مقابلے میں سلمان خان کی فلمیں باکس آفس پر دھڑا دھڑ کامیاب ہو رہی تھیں۔ ’’چینائی ایکسپریس‘‘ نہ صرف یہ کہ سال کی سب سے کامیاب فلم بن چکی ہے بلکہ وہ سلمان خان کی کامیاب ترین فلم ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ کے ایک سو اٹھانوے کروڑ کے ریکارڈ کو بھی توڑنے کے قریب ہے۔ ٹریڈ اینیلسٹس کا خیال ہے کہ اس وِیک اینڈ پر شاہ رخ خان کی فلم تمام ریکارڈز توڑ ڈالے گی۔

فلم کی کہانی ایک چالیس سالہ شخص راہول کے گرد گھومتی ہے جو کہ ایک ’’غلط ٹرین‘‘ پر چڑھ جاتا ہے۔ وہاں اس کی ملاقات فلم کی ہیروئین دیپیکا پاڈوکون سے ہوتی ہے، جس کے بعد وہ ایک سنسنی خیز سفر پر گامزن ہو جاتا ہے۔

فلمی تجزیہ کاروں نے فلم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے ایک بے کار اور فضول کامیڈی قرار دیا ہے۔ خراب تبصروں کے باوجود فلم باکس آفس پر ڈٹی ہوئی ہے۔

پاکستان میں بھی اس فلم نے ریکارڈ کاروبار کیا ہے۔ امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور یورپ میں بھی اس فلم نے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ خان کا کہنا ہے کہ وہ حیران ہیں کہ فلم کو اتنی زیادہ پذیرائی مل رہی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید