1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی ٹی آئی سے مذاکرات، وزیر اعظم نے کمیٹی تشکیل دے دی

22 دسمبر 2024

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ یہ کمیٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی سفارش پر تشکیل دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4oTvB
Saudi-Arabien | Weltwirtschaftsforum in Riad - Shehbaz Sharif
تصویر: Hamad I Mohammed/REUTERS

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قبل ازیں کہا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی مداخلت کے بعد حکومت ایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے رہی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے لیے مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔

پاکستان: حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات میں پھر رخنہ

پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ مذاکرات سے کیا حاصل کر سکتی ہے؟

پاکستانی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے بدھ 18 دسمبر کو مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا دفتر اور رہائش گاہ اس مقصد کے لیے 24 گھنٹے کھلی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعظم کے سیاسی معاون رانا ثناء اللہ اور سینیٹر عرفان صدیقی شامل ہیں۔

پاکستانی تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان
پاکستانی تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔تصویر: Raja Imran Bahadar/Pacific Press/picture alliance

پاکستانی میڈیا کے مطابق کمیٹی میں پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر برائے نجکاری علیم خان، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور سردار خالد مگسی بھی شامل ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سفارشات کو تسلیم کرنے کے بعد مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی۔

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل خوش آئند ہے، بیرسٹر گوہر

پاکستانی تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی میں عمر ایوب، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، علی امین گنڈا پور اور صاحبزادہ حامد رضا شامل ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا خیرمقدم

اسپیکر قومی اسمبلی صادق نے نو تشکیل شدہ کمیٹی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آگے بڑھنے کا واحد راستہ بات چیت اور  صرف بات چیت ہے۔

اسد قیصر
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی میں اسد قیصر کے علاوہ عمر ایوب، سلمان اکرم راجہ، علی امین گنڈا پور اور صاحبزادہ حامد رضا شامل ہیں۔تصویر: Emrah Yorulmaz/AA/picture alliance

قومی اسمبلی سیکریٹیریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے حکومت اور اپوزیشن کو نیک نیتی سے مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کا دفتر ارکان کے لیے ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔

ایاز صادق نے  دونوں کمیٹیوں کے ارکان سے کل صبح ساڑھے 11 بجے ملاقات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں ان سے ملاقات کریں گے۔

افسر اعوان (مقامی میڈیا)