شہد آپ کی صحت کے لیے کتنا مفید ہے؟
بہت سے لوگ شہد کی مختلف خصوصیات کے بارے میں جانتے ہیں۔ لیکن شاید نوجوان نسل شہد کی خوبیوں سے مکمل طور پر واقف نہیں۔ اس پکچر گیلری میں جانیے کہ شہد ہمارے لیے کیوں اتنا اہم ہے۔
شہد توانائی کا ذریعہ
شہد جسم کو حرارت اور توانائی فراہم کرتا ہے۔ خاص طور پر سردیوں میں شہد جسم کو گرم رکھتا ہے۔ صبح اور رات کے وقت، ایک چائے کا چمچ شہد ایک کپ گرم پانی میں ملا کر پینے سے جسم گرم رہتا ہے اور شہد میں موجود مٹھاس خاص طور پر ہاضمے کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
شہد رکھتا ہے دل کو صحت مند
جرمن ماہر امراض قلب کے مطابق ہر صبح ایک چمچ خالص شہد کھانے سے دل مضبوط ہوتا ہے اور یوں شہد عمر میں بھی اضافہ کرتا ہے۔
قبض سے نجات
شہد میں آئرن کی بہتات ہوتی ہے جو قبض کو دور کرنے میں خصوصی کردار ادا کرتا ہے۔ شہد ان لوگوں کے لیے بھی بہت مفید ہے جو دمہ یا سانس کی تکلیف کا شکار ہوتے ہیں۔
زخموں یا جلے ہوئے حصے پر شہد کا استعمال
نیوزی لینڈ کے محقق کہتے ہیں کہ جراثیم کو ختم کرنے میں شہد کا کوئی موازنہ نہیں۔ جلے ہوئے جسمانی حصے یا زخموں پر خالص شہد لگانا تکلیف کو کم کر سکتا ہے۔
سردی میں شہد
شہد کھانسی اور نزلہ زکام میں بھی مفید ہے۔ شہد کا باقاعدگی سے استعمال کرنا وٹامن اے، بی اور سی، معدنیات، پوٹاشیم، کیلشیئم اور بہت سے دیگر ضروری غذائی اجزا کا ذریعہ ہے۔
جلد کی تکالیف کے لیے شہد
جلد کی الرجی ہو تو کوئی پریشانی نہیں، زیتون کے تیل میں شہد ملا کر لگانے سے جلد کی الرجی میں کافی کمی آسکتی ہے۔
شہد کے ذریعے خوبصورتی بڑھائیں
شہد خوبصورتی میں بھی اضافہ کا ذریعہ ہے۔کیمیائی مادوں سے بھر پور کاسمیٹکس کے مضر اثرات سے جلد کو بچانے کے لیے شہد کا استعمال اچھا ہے۔ شہد جلد کو روشن، نرم اور ہموار بناتا ہے۔ شہد کو چہرے کے ماسک کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
وزن کم کرنے کے لیے شہد
شہد معدہ کو صاف رکھتا ہے اور جسم کی چربی کو کم کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔ صبح لیموں کا رس اور شہد گرم پانی میں ملا کر پینا وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رات کو گرم دودھ میں شہد کے چند قطرے ملا کر پینے سے رات کو اچھی نیند ممکن ہے اور نیند مکمل کرنا بھی وزن کم کرنے کا باعث بنتا ہے۔
مسوڑھوں کے انفیکشن میں کارآمد
شہد ملا پانی ماؤتھ واش کے طور پر استعمال کرنے سے مسوڑھوں کے درد سے نجات مل سکتی ہے۔
صحت مند رہنے کے لیے شہد
شہد کی مختلف خصوصیات کی وجہ سے جو لوگ شہد کا باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں وہ کئی بیماریوں سے دور رہتے ہیں۔