1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صہیب مقصود کی شاندار اننگز، پاکستان نے سری لنکا کو ہرا دیا

عاطف بلوچ23 اگست 2014

سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Czj2
صہیب مقصود نے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیتصویر: DW/T.Saeed

ہفتے کے دن کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی بلے باز صہیب مقصود اور فواد عالم کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے 275 رنز کا ایک مشکل ہدف آسانی سے حاصل کر لیا۔ فواد عالم 62 رنز کے انفرادی رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ صہیب مقصود نے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہیں اس بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

صہیب اور فواد نے چھٹی وکٹ کی شراکت داری میں 147 رنز بنائے، جو پاکستان کی طرف سے ایک نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔ قبل ازیں پاکستان کی طرف سے اوپنر احمد شہزاد کے سوائے تمام کھلاڑی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ جب احمد شہزاد 49 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے تو معلوم ہو رہا تھا کہ پاکستان یہ میچ ہار جائے گا لیکن فواد عالم اور صہیب مقصود کی شراکت داری نے کھیل کا پانسہ بدل دیا۔

Indien Cricket WM 2011 Halbfinale Indien Pakistan
پاکستان کی طرف وہاب ریاض نے ابتدائی طور پر اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیاتصویر: AP

میچ کے بعد کپتان مصباح الحق نے صہب مقصود اور فواد عالم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان نوجوان کھلاڑیوں نے انتہائی عمدہ طریقے سے اپنی ذمہ داری نبھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ فتح انتہائی اہم تھی۔ صہیب مقصود نے کہا کہ پریشر میچ کے دوران انہوں نے فواد عالم کے ساتھ مل کر بولرز کو ٹارگٹ بنایا اور کوشش کی کہ اچھی گیندوں کو خیال سے کھیلا جائے جبکہ اسٹروکس کے لیے بولرز کا انتخاب کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میچ میں ان کی کارکردگی ان کے کیریئر کی بہترین اننگز تھی اور وہ امید کرتے ہیں ابھی ایسی بہت سی اننگز ان کے انتظار میں ہیں۔

بارش سے متاثرہ اس میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بارش کی وجہ سے یہ میچ 45 اوورز کا کر دیا گیا تھا اور سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے۔ سری لنکا کی طرف سے نمایاں بلے باز کپتان اینجلو میتھوز رہے، جنہوں نے 89 رنز بنائے۔ سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز جے وردنے 63 اور پریا رانجن نے 36 رنز بنا کر سری لنکا کا مجموعی اسکور 275 رنز پر لے گئے۔

پاکستان کی طرف سے عرفان خان اور وہاب ریاض نے ابتدائی طور پر اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا اور سری لنکا کےٹاپ آرڈر کھلاڑیوں کو جلد ہی آؤٹ کر دیا۔ لیکن میتھوز اور جے وردنے نے ایک ذمہ دارنہ کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ پریا رانجن نے آخری اوورز میں پندرہ گیندوں پرانتالیس رنز بنا کر سری لنکا کی پوزیشن مستحکم بنا دی تھی۔

سری لنکا اور پاکستان کے مابین دوسرا ایک روزہ میچ چھبیس اگست کو ہمبنٹوٹا میں ہی کھیلا جائے گا جبکہ اس سیریز کا تیسرا اور آخری میچ دمبولا میں تیس اگست کو کھیلا جائے گا۔