طالبان مخالف کمانڈر کے کمپاؤنڈ پر حملہ، نو افراد ہلاک
21 جولائی 2012خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق افغانستان کی سرحد سے ملحق پاکستان کے شمال مغربی علاقے اسپن ٹل میں ایک خود کُش حملے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے ہیں۔
اورکزئی کے اعلیٰ انتظامی اہلکار ذاکر حسین نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک خود کُش حملہ آور نے طالبان مخالف کمانڈر مولانا نبی کے کمپاؤنڈ کے باہر دھماکہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کمپاؤنڈ میں طالبان مخالف ملیشیا کے رہائشی مکان اور ایک دفتر تھا۔
زخمیوں کو قریبی ضلع ہنگو کے ایک ہسپتال میں پہنچایا گیا ہے، جہاں ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے بھی مقامی حکومت اور انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد نو بتائی ہیں تاہم اس کے مطابق زخمیوں کی تعداد 20 ہے اور یہ واضح نہیں کہ دھماکہ کیسے ہوا۔
مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر کرنے کی درخواست پر روئٹرز کو بتایا: ’’ہم نہیں جانتے کہ خودکش بمبار نے حملہ کیا ہے یا وہاں بم بنایا جا رہا تھا جو حادثاتی طور پر پھٹ گیا۔ ‘‘
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق اس خود کش حملے میں ہلاک ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 15 ہے۔ قبائلی علاقے میں اعلیٰ پولیس اہلکار امجد خان کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور نے مولانا نبی کے کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم وہاں محافظوں نے اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے دھماکہ کر دیا۔
افغانستان کی سرحد سے ملحق قبائلی علاقوں میں پاکستانی طالبان سمیت متعدد شدت پسند گروہ متحرک ہیں۔ پاکستانی طالبان کو ملک کے مختلف شہروں میں حالیہ برسوں میں ہونے والے متعدد حملوں کے لیے بھی ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا پاکستان کے قبائلی علاقے کو خطرناک ترین خطہ قرار دیتا ہے۔ واشنگٹن حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مختلف کارروائیوں کے منصوبے اسی علاقے سے بنتے ہیں۔
دیر بالا میں بھی دھماکہ
پاکستان کے شمال مغربی علاقے اَپر دیر میں بھی ہفتے کو سڑک کے کنارے نصب بم کے دھماکے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
علاقائی پولیس کے سربراہ احسان اللہ خان نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ دھماکہ ضلع اَپر دیر کے علاقے ڈونگ درہ میں ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس حملے میں دیسی ساخت کا بم استعمال کیا گیا اور دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔
احسان اللہ نے بتایا کہ اس بم کا نشانہ ایک پِک اَپ ٹرک بنا۔ اس حملے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
ng/aba (AFP, AP, Reuters)