طالبان کا ساتھ دینے والے جرمن شخص کو قید کی سزا
11 دسمبر 2018جرمن شہر ڈوسلڈورف کی ریاستی عدالت نے افغان طالبان کے لیے لڑنے والے ایک جرمن شخص کو چھ برس قید کی سزا سنا دی ہے۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق افغانستان جا کر طالبان میں شامل ہونے والے اس 37 سالہ جرمن شہری کو ایک دہشت گرد تنظیم کی رکنیت اختیار کرنے پر یہ سزا سنائی گئی ہے۔ اس شخص کا نام تھامس کے بتایا گیا ہے۔ جرمن پرائیویسی قوانین کے تحت اس شخص کا خاندانی نام نہیں بتایا گیا۔
استغاثہ کے مطابق تھامس کے نے 2013ء میں طالبان کے ساتھ مل کر لڑنے کا آغاز کیا تھا۔ اسے رواں برس فروری میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد اپریل میں اسے جرمنی منتقل کر دیا گیا۔
عدالت میں اس پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے جرمن استغاثہ کا کہنا تھا کہ اس نے دھماکا خیز مواد تیار کیا، ایک خودکش حملے کی تیاری کی اور ایک ایسی پراپیگنڈا فلم میں بھی شامل ہوا جس کا مقصد جرمنی میں موجود شدت پسند عناصر کو طالبان کی طرف راغب کرنا تھا۔ اس کے علاوہ اس شخص نے مبینہ طور پر افغان فوج کے ایک اڈے پر مارٹر سے حملہ کرتے ہوئے اپنی ویڈیو بھی بنائی تھی۔ تاہم یہ حملہ ناکام رہا تھا۔
ا ب ا / ع ب (ایسوسی ایٹڈ پریس)