1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستافغانستان

افغان طالبان کا کنٹرول: کشمیرمیں عسکریت پسندی بڑھ سکتی ہے

11 جولائی 2021

نیٹو افواج کا افغانستان سے انخلا تیزی سے جاری ہے لیکن طالبان کئی افغان اضلاع پر قبضہ کر چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق افغانستان میں مسلح گروہ کی برتری سے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں عسکریت پسندوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

https://p.dw.com/p/3wHiu
افغانستان میں طالبان کا مسلح جنگجو
تصویر: picture alliance/AP Photo/A. Khan

افغانستان میں نیٹو کا مشن دو دہائیوں کی جنگ کے بعد اپنے اختتام کے قریب پہنچ رہا ہے لیکن افغان قوم کے غیر یقینی مستقبل کے امکانات، بھارت میں سلامتی کے خدشات پیدا کررہے ہیں۔ نئی دہلی میں پالیسی ساز حلقے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش میں ہیں کہ افغانستان میں طالبان کے بڑھتے کنٹرول کے سبب خطے میں خصوصاﹰ متنازعہ علاقے کشمیر میں عسکریت پسندی کو مزید تقویت نہیں ملے۔

افغان طالبان کے مطابق انہوں نے افغانستان کے پچاسی فیصد علاقوں پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔  ماسکو میں پریس کانفرس کے دوران افغان مذاکرات کار شہاب الدین دلاور نے جمعہ نو جولائی کو کہا کہ افغانستان کے 398 اضلاع میں سے تقریباﹰ 250 پر طالبان نے قبضہ کر لیا ہے۔ واضح رہے طالبان کے اس دعوے کی تاہم غیرجانبدار ذرائع نے تصدیق نہیں کی ہے۔

طالبان جنگجو
تصویر: Rahmat Gul/AP/picture alliance

قبل ازیں شمالی افغانستان میں عسکریت پسند گروہ کے پرتشدد حملے سے بچ کر  سینکڑوں افغان فوجی تاجکستان کی طرف فرار  ہونے پر مجبور ہو گئے تھے۔ اس بات سے افغانستان میں سلامتی کی تیزی سے خراب ہوتی صورتحال کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

'ایسا محاذ جس میں چین، پاکستان اور طالبان شامل ہیں‘

مبصرین کو خدشہ ہے کہ اگر افغان طالبان اسی طرح اپنی پیش قدمی جاری رکھیں گے اور مزید علاقوں پر کنٹرول حاصل کرلیں گے تو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھی مسلح عسکریت پسندی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ معروف دفاعی تجزیہ کار اور سابق بھارتی فوجی افسر پروین سوہنی نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرطالبان دوبارہ اقتدارمیں آتے ہیں تو کشمیر پر اس کا یقینی طور پر اثر ہو گا۔ سوہنی سمجھتے ہیں کہ افغان صدر اشرف غنی کے زیر قیادت موجودہ حکومت زیادہ دیر اقتدار میں نہیں رہ سکے گی۔

سوہنی کے بقول، ''طالبان جنگجو مٹی کے فرزند ہیں۔ وہ پہلے ہی ملک کے بیشتر حصوں پر کنٹرول کا دعوی کر رہے ہیں۔ ایسے میں نیٹو کے انخلا کے بعد، مجھے کشمیر پر اس کے اثرات دکھائی دے رہے ہیں۔‘‘

ایل او سی پر فائر بندی کا معاہدہ

بھارتی آرمی چیف منوج مکند نے رواں ماہ کے آغاز میں عالمی انسداد دہشت گردی کونسل کے زیر اہتمام ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ فائر بندی کے معاہدے کے بعد، کشمیر کی صورتحال میں خاص طور پر مسلح عسکریت پسندی کے حوالے سے نمایاں بہتری واقع ہوئی ہے۔ تاہم، ماہرین کا خیال ہے کہ امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے بعد صورتحال میں تیزی سے تبدیلی آ سکتی ہے۔

افغانستان: طالبان کی طرف سے طاقت کا بھر پور مظاہرہ

نئی دہلی میں سکیورٹی امور کی ماہر آکانکشا نارائن کہتی ہیں کہ سن 1989 میں افغانستان سے سوویت یونین کی واپسی کے بعد، ماضی میں سوویت کے خلاف لڑنے والے مجاہدین، چیچنیا، کشمیر اور مشرق وسطیٰ جیسے دیگر غیرملکی مسلح تنازعات میں شریک ہو گئے تھے۔ اس مرتبہ افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلا کے بعد موجودہ غیرملکی تنازعات میں اِن جنگجوؤں کی شمولیت کے امکانات ہیں۔ اس لیے بھارت کو کشمیر میں عسکریت پسندوں کو شہ ملنے کے حوالے سے خدشہ ہے۔

'کشمیر بدل چکا ہے‘

گزشتہ تین دہائیوں میں بھارتی حکام کی طرف سے کشمیر میں عسکریت پسندوں سے نمٹنے کی خاطر کئی اقدامات لیے گئے ہیں۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے اعلیٰ پولیس افسران کی طرف سے خطے میں عسکریت پسندی ختم ہونے کے دعوے کیے جارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مسلح جنگجو اب فرار ہیں۔

’کشمیری رہنما عالمی حالات کو بھانپ نہیں پائے‘

سکیورٹی امور کے ماہر راہل بیدی کہتے ہیں کہ جموں کشمیر میں بھارتی فوج اور مقامی پولیس نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران سکیورٹی اور انٹیلی جنس کا ایک مضبوط نیٹ ورک تیار کیا ہے۔ بیدی کے بقول، ''بھارت اب بہتر طریقے سے تیار ہے اور پاکستان کی طرف سے آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرسکتا ہے۔‘‘

گوہر گیلانی (ع آ / ک م)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں