1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان کے خلاف جنگ میں پیشرفت ہوئی ہے، گیٹس

8 دسمبر 2010

امریکی وزیردفاع نے کہا ہے کہ افغانستان متعین امریکی فوج طالبان جنگجوؤں کے خلاف جنگ میں پیش رفت کررہی ہے۔ رابرٹ گیٹس کے دورہ افغانستان کے دوران منگل کو انہیں ملک کے مشرقی حصے میں سخت جنگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

https://p.dw.com/p/QSj0
امریکی وزیردفاع رابرٹ گیٹستصویر: AP

وائٹ ہاؤس کی طرف سے افغان جنگ کی حکمت عملی پرغور سے قبل امریکی وزیردفاع رابرٹ گیٹس کا دورہ افغانستان کافی اہمیت کا حامل تصورکیا جا رہا ہے۔ رابرٹ گیٹس نے منگل کو مشرقی افغانستان میں جنگ میں مصروف عمل امریکی افواج کے اعلٰی کمانڈروں سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نےاس بات کا اعتراف کیا کہ افغانستان سے ملحق پاکستانی قبائلی علاقوں میں طالبان کی محفوظ پناہ گاہیں، اس جنگ کو مزید سخت بنا رہی ہیں۔

رابرٹ گیٹس نے کہا،’ میرے خیال میں ’پاکستانی‘ سرحد کے نزدیک جنگ میں مصروف فوجیوں کو کچھ سخت چیلنجوں کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں سنگین نقصان بھی ہو رہا ہے۔‘ کہا جاتاہے کہ پاکستان اور افغانستان کی سرحدی علاقوں میں شدت پسندوں کے مبینہ ٹھکانوں نے امریکی افواج کی کارروائیوں کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق افغان سرحد سے ملحق پاکستانی قبائلی علاقوں میں طالبان باغی محفوظ ٹھکانے بنائے ہوئے ہیں، اور وہاں سے نہ صرف منصوبہ بندی کی جاتی ہے بلکہ سرحد پار کارروائی بھی سر انجام دی جاتی ہے۔ اسی تناظر میں اس جنگ میں اہم امریکی اتحادی پاکستان کی کارکردگی پر کئی سوالیہ نشانات بھی اٹھائے جاتے ہیں۔

US Verteidigungsminister Gates in Afghanistan
رابرٹ گیٹس افغانستان میں امریکی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئےتصویر: AP

امریکی وزیردفاع رابرٹ گیٹس نے نوجوان فوجیوں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ وہ ’ایک اہم کوشش‘ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے امریکی فوج سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا،’ آپ جو کچھ بھی کر رہے ہیں، وہ انتہائی اہم ہے۔‘

اطلاعات کے مطابق صوبہ کنڑ میں رابرٹ گیٹس کو علاقے کی معاشی و معاشرتی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس علاقے میں غربت، بدعنوانی اور غیر ملکیوں پر شک کرنے کی عادت کی وجہ سے امریکی افواج کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس علاقے کے فوجی کمانڈر میجر جنرل جان کیمپل نے کہا ہے کہ اگرچہ صوبہ کنڑ میں پر تشدد کارروائیاں عروج پر ہیں تاہم انہوں نے شدت پسندوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ علاقہ انتہائی سخت ہے، اس لئے یہاں سے طالبان جنگجوؤں کو مکمل طور پر نکال باہر کرنے کے لئے کچھ وقت درکار ہو گا۔

امریکی صدر باراک اوباما کی طرف سے افغانستان میں مزید 30 ہزار امریکی فوجی تعینات کرنے کے فیصلے کے ایک سال بعد رابرٹ گیٹس نے افغانستان کا دورہ کیا ہے۔ افغان جنگ سے متعلق اوباما کی نئی حکمت عملی کا ایک سال مکمل ہونے کے بعد اب اس حکمت عملی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ اس جائزے کے دوران افغان جنگ کے موجودہ طریقہ کار میں بڑی تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں