طوفانی موسم اور ہلاکتیں، بیلجیم میں میوزک فیسٹیول منسوخ
19 اگست 2011برسلز سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ہلاک شدگان میں سے دو افراد اس کنسرٹ کی جگہ پر ہی اس وقت ہلاک ہو گئے تھے، جب انتہائی خراب موسم کے سبب جمعرات کی رات ایک بہت بڑا اسٹیج شائقین پر آن گرا تھا۔ اس واقعے میں آٹھ افراد کو شدید چوٹیں بھی آئی تھیں جبکہ درجنوں افراد معمولی زخمی ہوئے تھے۔ باقی تین افراد نے ہسپتال میں دم توڑ دیا تھا۔
’پُکل پاپ‘ نامی پاپ موسیقی کے اس بہت بڑے سالانہ میلے کی انتظامیہ کی جانب سے اس اجتماع کے موقع پر طوفانی موسم کے باعث ہلاکتوں پر گہرے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس میلے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک تعزیتی پیغام میں Pukkelpop کی انتظامیہ نے کہا ہے، ’’ہم شدید حد تک رنجیدہ ہیں۔ ہم ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور تمام دوستوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔‘‘ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں فیسٹیول کی انتظامیہ اپنے جذبات کے اظہار کے لیے صرف الفاظ کے استعمال کو ناکافی سمجھتی ہے اور اسی لیے باقاعدہ شروع ہو چکے اس میلے کے باقی ماندہ پروگرام کو منسوخ کرنے کا مشکل فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس بہت مشہور میوزک فیسٹیول کا انعقاد بیلجیم کے دارالحکومت برسلز سے 80 کلو میٹر مشرق کی طرف Hasselt نامی مقام کے نواح میں کیا جا رہا تھا۔ امسالہ میلہ اپنی نوعیت کا 31 واں سالانہ میلہ تھا، جس میں پہلے روز قریب 60 ہزار افراد شریک تھے۔
پروگرام کے مطابق شائقین کا دل بہلانے کے لیے بین الاقوامی شہرت کے حامل اس میلے میں اس مرتبہ Foo Fighters، Eminem، اور Offspring جیسے میوزک گروپس کو شائقین کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کرنا تھا۔ گزشتہ سال بھی اس میلے کے شرکاء بہت غمگین رہے تھے۔ سن 2010 میں میلے کے دوران دو فنکاروں کی موت واقع ہوگئی تھی۔ مائیکل بین نامی گٹارسٹ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے جبکہ چارلس ہیڈن نامی گلوگار نے اس وقت خودکشی کر لی تھی جب انہیں علم ہوا تھا کہ پرفارمنس کے دوران شائقین پر گرنے کے ’کراؤڈ سرفنگ‘ کہلانے والے عمل کے دوران انہوں نے چند شرکاء کو زخمی کر دیا تھا۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: مقبول ملک