عالمی کپ فٹبال، غیرملکیوں کے لیے انوکھی ’لینگویج سروس‘
12 جون 2014کوریا کی ایک بغیر نفع کام کرنے والی کمپنی نے برازیل میں آج سے شروع ہونے والے عالمی فٹبال کپ مقابلوں کے لیے ایک خصوصی ٹیلی فون نمبر جاری کیا ہے، جس پر سات مختلف زبانوں میں کہی گئی بات فوری طور پر پرتگالی زبان میں ترجمہ ہو جاتی ہے۔
دی بِفور بیبل بریج BBB نامی کمپنی نے اس سے قبل یہ سروس سن 2002ء میں جنوبی کوریا اور جاپان میں منعقدہ ورلڈ کپ مقابلوں کے دوران اسی مقصد کے لیے شروع کی تھی۔ جنوبی کوریا اور جاپان میں بھی زیادہ تر افراد صرف مقامی زبان جانتے ہیں اور غیرملکیوں کو کسی پریشانی کی صورت میں ان زبانوں میں فوری ترجمے کے لیے تب اس سروس کا استعمال کیا گیا تھا۔ برازیل میں بھی زیادہ تر افراد صرف پرتگالی زبان جانتے ہیں اور وہاں بھی عالمی فٹبال کپ مقابلوں کے لیے دنیا کے متعدد ممالک سے لاکھوں تماشائی پہنچے ہیں۔
یہ سروس کام کچھ یوں کرتی ہے کہ اگر کسی غیرملکی کو زبان کے حوالے سے مدد درکار ہو، تو وہ ریو ڈی جنیرو کے لیے دیا گیا نمبر ملائے اور انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی، جرمن، اطالوی، روسی یا کوریائی زبان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے۔ ایک سرور خودکار طریقے سے اس کی کال کو ایک رضاکار مترجم تک منتقل کر دے گا اور وہ اس غیرملکی کی بات سن کر اسے پرتگالی زبان میں اس شخص کے روبرو ڈاکٹر، بینک اہلکار، ٹیکسی ڈرائیور یا ہوٹل کے بہرے کو بات سمجھا دے گا۔
برازیل میں اس سروس کو ریو امِنگو کا نام دیا گیا ہے اور یہ آج سے 25 جولائی تک ہر وقت دستیاب ہو گی۔ BBB کے ایگزیکٹو سیکرٹری می ہائی چوئی کا کہنا ہے، ’’کوریائی باشندے غیرملکیوں کی مدد کر کے خوشی محسوس کرتے ہیں مگر مسئلہ زبان کا ہوتا ہے۔ برازیل کے باشندوں کی کیفیت بھی ایسی ہی ہے۔‘‘
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یہ سرور خدمات مکمل طور پر مفت ہیں۔ بارہ برس قبل اس سروس کے آغاز کے وقت دوہزار رضاکاروں نے اپنی خدمات پیش کی تھیں جب کہ اب اس سروس سے وابستہ رضاکاروں کی تعداد 45 سو ہے اور وہ 19 زبانوں میں تقریباﹰ روزانہ سات سو کالیں سنتے ہیں۔ برازیل میں بھی یہ سروس مکمل طور پر مفت ہو گی، تاہم صارف کو مقامی فون چارجز ادا کرنا ہوں گے۔