1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عام انتخابات کے لیےکاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ڈیڈ لائن ختم

24 دسمبر 2023

پاکستان میں آٹھ فروری کے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والوں میں عمران خان، نواز شریف، بلاول بھٹو اور کئی دیگر اہم سیاسی رہنما شامل ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال پیر 25 سے 30 دسمبر تک ہو گی۔

https://p.dw.com/p/4aXis
Pakistan, Parlamentsgebäude, Parlament, Unterhaus, gebäude, außen, Islamabad
تصویر: Raja I. Bahader/Pacific Press/IMAGO

پاکستان میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک میں آٹھ فروری کے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے اعلان کردہ ڈیڈ لائن آج  بروز اتوار مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے ختم ہو گئی۔ الیکشن کمیشن نے جمعے کے روز کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے مقرر کردہ 22 دسمبر تک کی گزشتہ ڈیڈ لائن میں دو روز کیتوسیع کر دی تھی۔ مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری دن خاصی گہما گہمی دیکھی گئی۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے ممتاز پاکستانی سیاست دانوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف اور نواز شریف کے بھائی اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے علاوہ ن لیگ کے کئی دیگر اہم رہنما بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نو مئی کے واقعات کے بعد سے ریاستی اداروں کے زیر عتاب رہنے والی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے اسیر سربراہ عمران خان اور  پارٹی کے چیدہ چیدہ رہنماؤں نے بھی ملک کے مختلف حلقوں سے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔

Pakistan Lahore | Ehemaliger Premierminister Pakistans Nawaz Sharif
کا غذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں (ن) لیگ کے سربراہ نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف اور نوازشریف کے بھائی اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف شامل ہیںتصویر: Ali Kaifee/DW

کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے دیگر اہم رہنماؤں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ استحکام پاکستان پار‌ٹی کے سربراہ علیم خان، متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے مولانا فضل الرحمنٰ بھی شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی طرف سے پندرہ دسمبر کو جاری کردہ انتخابی شیڈول میں کاغذات نامزدگی کی ڈیڈ لائن میں توسیع کو چھوڑ کر باقی تمام اعلان کردہ مراحل طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی مکمل ہوں گے۔

ای سی پی کے  شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال پیر 25 سے 30 دسمبر تک ہو گی۔ نامزدگی کے منظور یا مسترد ہو جانے کے خلاف اپیلیں تین جنوری 2024ء تک جمع کرائی جا سکتی ہیں، جن پر فیصلے سنانے کا مرحلہ دس جنوری تک مکمل ہو جائے گا۔ انتخابات میں حصہ لینے والے اہل امیدواروں کی کے ناموں کی فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی جبکہ امیدوار 12 جنوری تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔

انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو ہوگی اور عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔ دریں اثنا ای سی پی نے عام انتخابات کی نگرانی کے خواہش مند غیر ملکی مبصرین کو اپنے کوائف جمع کرانے کے لیے مزید وقت دے دیا ہے۔ وہ اب 31 دسمبر 2023 سے 20 جنوری 2024 تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

کاغذات نامزدگی جمع نہ کیے جانے کے خلاف درخواستوں پر عدالتی سماعت

 لاہور ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر اور بعض دیگر رہنماؤں کی طرف سے انتخابات میں حصے لینے کے لیے ان کے کاغذات جمع نہ کیے جانے کے خلاف درخواستوں پر سماعت آج اتوار کے روز لاہور ہائی کورٹ میں ہوئی۔

Wahl in Pakistan
پاکستان تحریک انصاف کے متعدد امیدواروں نے الزام لگایا ہے کہ ریاستی حکام انہیں انتخابات سے باہر رکھنے کے لیے ان کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی راہ میں روکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیںتصویر: Getty Images/A.Ali

جسٹس علی باقر نجفی  نے ان درخواستوں کی سماعت کی۔ عدالت نے ان  درخواستوں پر فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ خیال رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت کے موقع پر ریٹرننگ افسران کو چوہدری پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے واضح کیا تھا کہ 'اگر عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہوا، تو ڈی پی اوز اور آر اوز کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں دائر کی جائیں۔‘‘

اتوار کے روز سماعت کے دوران حماد اظہر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریٹرننگ آفیسر نے ان کے مؤکل کے کاغذات نامزدگی جمع کر لیے ہیں۔ عدالت نے وکیل کا جواب سننے کے بعد یہ درخواست نمٹا دی۔

ش ر⁄ م م