1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عبدالقادر،چیف سلیکٹر ہو گئے

20 نومبر 2008

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماضی کے عظیم لیگ سپنر عبدالقادر کو سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بنائے جانے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/FyxY
عبدالقادر قائم مقام چیف سلیکٹر سلیم جعفر کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے یہ عہدہ گزشتہ ماہ صلاح الدین صلو کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوا تھا۔تصویر: AP

عبدالقادر قائم مقام چیف سلیکٹر سلیم جعفر کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے یہ عہدہ گزشتہ ماہ صلاح الدین صلو کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوا تھا۔ چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ نے نئے چیف سلیکٹر کی تقرری کا اعلان ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 53 سالہ عبدالقادر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دور میں انصاف اور میرٹ کو ترجیح دیں گے اور اب کسی غریب اور باصلاحیت کھلاڑی کی ماں سلیکٹرز کو بددعا نہیں دے گی۔

ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سلیکشن میں ایک ایسا سسٹم متعارف کرائیں گے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے والا کوئی بھی کھلاڑی اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر پاکستانی ٹیم کا حصہ بن سکے۔ عبدالقادرکا کہنا تھا کہ ماضی میں ٹیلنٹ کے ساتھ مذاق کیا جاتا رہا ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔

عبدالقادرنے 1977 سے 1993 کے عرصے کے دوران پاکستان کی جانب سے67 ٹیسٹ میچز میں 236 اور104 ایک روزہ بین الاقومی مقابلوں میں 132وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں جدید کرکٹ کی تاریخ میں لیگ سپن باؤلنگ کو رواج دینے پرعالمی شہرت حاصل ہوئی۔ عبدالقادرکوایک روزہ میچوں میں پاکستان کی قیادت کرنے اور دنیا کے سب سے قدیم کرکٹ کلب ایم سی سی کی تاحیات رکنیت حاصل کرنے کا بھی اعزاز ہے۔

بھارت کے خلاف جنوری میں ہوم سیریزعبدالقادرکی بطور چیف سلیکٹر پہلی اسائنمنٹ ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی انتظامیہ عبدالقادر سے پہلے حالیہ دنوں میں چارسابق کپتانوں جا وید میاں داد کو ڈائریکٹرجنرل، عامر سہیل کو ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ ، وسیم باری کو ڈائریکٹر ہیومن ریسورس اورانتخاب عالم کو قومی ٹیم کوکوچ مقررکرچکی ہے۔