1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق میں آتشزدگی، تیس افراد ہلاک

17 جولائی 2010

شمالی عراق میں واقع ایک ہوٹل میں جمعرات کی شب آگ بھڑکنے کے نتیجے میں چودہ غیرملکیوں سمیت کل تیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/ONjc
تصویر: AP

تیل سے مالا مال کرد علاقے کے شہر سلیمانیہ میں واقع چھ منزلہ سوما نامی ہوٹل کی دوسری منزل میں آگ لگنے کی وجہ سے کم از کم چالیس افراد زخمی بھی ہوئے۔ شہر کی انتظامیہ کے مطابق آگ بھڑکنے کی وجہ دہشت گردی نہیں ہے۔ حکام نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ سات گھنٹوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق کچھ افراد اس وقت ہلاک ہوئے جب انہوں نے بلند وبالا ہوٹل کی عمارت سے باہر چھلانگ لگائی۔ نذر آتش ہونے والے ہوٹل کے ساتھ ہی واقع ایک دوکان کے مالک کامران احمد نے خبر رساں اداروں کو بتایا،'' میں نے دیکھا کہ آگ سے بچنے کے لئے تین افراد نے ہوٹل کی چھت سے چھلانگ لگائی، لیکن جیسے ہی وہ زمین پر گرے وہ ہلاک ہو گئے۔''

Anschläge auf Friseure
اس حادثے میں کم ازکم چالیس افراد زخمی بھی ہوئےتصویر: AP

عراقی حکام نے خبر رساں ادارے AFP کو بتایا کہ ہلاک شدگان میں چار خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں۔ اس حادثے میں جوغیر ملکی ہلاک ہوئے ان کا تعلق آسٹریلیا،برطانیہ،کینیڈا، وینزویلا، جنوبی افریقہ، لبنان اورکئی ایشائی ممالک سے بتایا گیا ہے۔ مجموعی طور پرکل بارہ ممالک سے تعلق رکھنے والے باشندے اس آگ کی وجہ سے موت کے منہ کا نوالہ بنے۔

عراقی حکام نے کہا ہے کہ وہ متعلقہ سفارت خانوں سے رابطے میں ہیں تاکہ لاشوں کوان کے حوالے کیا جا سکے۔ بغداد میں واقع امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اس آگ کے نتیجے میں ان کے دو شہری معمولی زخمی ہوئے اورعلاج کے بعد انہیں ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق اس حادثے میں زخمی ہونے والے بائیس افراد کا علاج جاری ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ آگ بجھانے والا عملہ بھی امدادی کارروائیوں کے دوران متاثر ہوا۔ اطلاعات کے مطابق کم ازکم سات امدادی کارکن زخمی ہوئے۔

عراقی دارالحکومت بغداد کے شمال میں 270 کلو میٹر دورواقع سلیمانیہ ایک پرسکون علاقہ ہے اوروہاں گزشتہ کئی سالوں سے ترقیاتی کام عروج پر ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین