1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمقبوضہ فلسطینی علاقے

غزہ میں فائر بندی کے لیے دوحہ مذاکرات بحال، مصری میڈیا

25 فروری 2024

غزہ کی جنگ میں فائر بندی کے لیے قطری دارالحکومت دوحہ میں کثیر الفریقی مذاکرات بحال ہو گئے ہیں۔ مصری ریاست سے قربت کے حامل میڈیا کے مطابق اس مکالمت میں مصری، قطری، امریکی اور اسرائیلی ماہرین اور حماس کے نمائندے شریک ہیں۔

https://p.dw.com/p/4crq7
غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے میں اسرائیلی گولہ باری کے بعد آسمان کی طرف اٹھتا ہوا دھواں
امریکہ، قطر، مصر اور دیگر ثالثین کی کوشش ہے کہ غزہ کی جنگ میں جلد از جلد ایک نیا فائر بندی معاہدہ طے پا جائےتصویر: MENAHEM KAHANA/AFP

مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق القاہرہ نیوز نے اتوار 25 فروری کے روز بتایا کہ غزہ میں جاری جنگ میں فائر بندی کے مقصد کے تحت مذاکرات دوحہ میں بحال ہو گئے ہیں۔ القاہرہ نیوز نے بتایا کہ اس بات چیت میں ''مصر، قطر، امریکہ اور اسرائیل کے ماہرین‘‘ کے علاوہ حماس کے نمائندے بھی حصہ لے رہے ہیں۔

یمنی حوثیوں کے ٹھکانوں پر امریکہ اور برطانیہ کےحملوں کی نئی لہر

قطر کی میزبانی میں ہونے والی اس بات چیت کے دوبارہ شروع ہونے کی اطلاع دینے والے مصری خبر رساں ادارے القاہرہ نیوز کا قریبی تعلق مصر کی ریاستی انٹیلیجنس سروسز سے بتایا جاتا ہے۔

ممکنہ فائر بندی سے متعلق پیرس میں ہوئی بات چیت

قبل ازیں اسرائیلی خفیہ سروس موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا کی قیادت میں اسرائیل کا ایک وفد جمعے کے روز فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں تھا، جہاں اس بارے میں بات چیت ہوئی تھی کہ اسرائیل اور حماس کے مابین ایک نئی فائر بندی ڈیل کو کس طرح ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

بعد از جنگ غزہ کا نیتن یاہو کا منصوبہ، حماس کی جانب سے رد

خدشہ ہے کہ اسرائیل غزہ پٹی کے مصری سرحد کے قریب واقع شہر رفح میں بھی بھرپور زمینی آپریشن شروع کر سکتا ہے
خدشہ ہے کہ اسرائیل غزہ پٹی کے مصری سرحد کے قریب واقع شہر رفح میں بھی بھرپور زمینی آپریشن شروع کر سکتا ہےتصویر: Menahem Kahana/AFP/Getty Images

اس ممکنہ ڈیل کا بنیادی پہلو یہ بتایا گیا ہے کہ غزہ کی جنگ میں ایک بار پھر فائر بندی کی جائے اور پھر اسرائیلی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے اور ان کے بدلے میں حماس ان اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے، جنہیں اس نے سات اکتوبر کے روز اسرائیل میں دہشت گردانہ حملے کے بعد سے اب تک اپنی قید میں رکھا ہوا ہے۔

غزہ سیزفائر قرارداد: امریکی ویٹو کے بعد اسرائیلی حملے جاری

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ملکی جنگی کابینہ میں کل ہفتے کے روز یہ اتفاق رائے ہو گیا تھا کہ قطر میں بحال ہونے والے سیزفائر مذاکرات میں اسرائیل کو اپنا ایک وفد بھیجنا چاہیے۔

القاہرہ نیوز کے مطابق، ''اب دوحہ میں ہونے والی بات چیت پیرس میں ہوئی مشاورت ہی کا تسلسل ہے اور غزہ میں ممکنہ فائر بندی سے متعلق دوحہ کے بعد اگلی ملاقاتیں قاہرہ میں ہوں گی۔‘‘

غزہ کی جنگ سعودی عرب کے لیے بڑھتا ہوا درد سر

غزہ پٹی میں جبالیہ کا مہاجر کیمپ جو پوری طرح تباہ ہو چکا ہے
غزہ پٹی میں جبالیہ کا مہاجر کیمپ جو پوری طرح تباہ ہو چکا ہےتصویر: Mahmoud Issa/REUTERS

حماس کا سات اکتوبر کا دہشت گردانہ حملہ

غزہ کی موجودہ جنگ، جو اس وقت اپنے پانچویں مہینے میں ہے، سات اکتوبر کے روز اسرائیل میں حماس کے ایک بڑے دہشت گردانہ حملے کے فوری بعد شروع ہوئی تھی۔

اس حملے میں اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق 1,160 افراد مارے گئے تھے، جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔ اس کے علاوہ حماس کے جنگجو جاتے ہوئے تقریباﹰ 250 افراد کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ بھی لے گئے تھے۔

غزہ میں اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ بندی کی امیدیں موہوم

ان یرغمالیوں میں سے 100 سے زائد حماس نے اسرائیل کے ساتھ گزشتہ برس نومبر میں ہونے والی فائر بندی ڈیل کے دوران رہا کر دیے تھے۔ تب اسرائیل نے بھی اپنی جیلوں سے تقریباﹰ 240 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا تھا۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک جو 130 یرغمالی حماس کی قید میں ہیں، ان میں سے 30 کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ غالباﹰ مارے جا چکے ہیں۔

غزہ پٹی میں اسرائیلی فوج کی زمینی کاررائیوں میں اضافہ

اسرائیلی حکومت پر داخلی دباؤ

اسرائیل میں وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت پر وہ داخلی دباؤ گزشتہ ہفتوں میں بہت زیادہ ہو چکا ہے، جس کے ساتھ یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ جنگ میں فائر بندی کرتے ہوئے حکومت حماس کے زیر قبضہ اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی کو یقینی بنائے۔

حماس اسرائیل کے ساتھ یرغمالیوں کی ڈیل جلد از جلد مکمل کرے، صدر عباس

غزہ کی جنگ میں اب تک اسرائیل کو بھی کافی زیادہ جانی نقصان ہوا ہے، تاہم فائر بندی کے لیے بہت زیادہ بین الاقوامی دباؤ کا ایک دوسرا پہلو بھی ہے۔ غزہ پٹی کے علاقے میں اسرائیل نے سات اکتوبر کو ہی اپنی جو جوابی عسکری کارروائیاں شروع کر دی تھیں، ان میں حماس کے زیر انتظام غزہ پٹی میں وزارت صحت کے مطابق اب تک 30 ہزار کے قریب فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔

امریکی، عرب اور دیگر ثالثوں نے امید ظاہر کی ہے کہ غزہ کی جنگ میں نیا فائر بندی معاہدہ ممکنہ طور پر رمضان کے اسلامی مہینے سے پہلے طے پا سکتا ہے، جس کا آغاز مارچ کی 10 یا 11 تاریخ سے ہو گا۔

م م / ع س (اے ایف پی، روئٹرز، اے پی)

اسرائیل - حماس جنگ: یرغمالیوں اور قیدیوں کا تبادلہ