فارمولا ون: سن 2018 کے لیے کاریں، ڈرائیورز اور ٹیمیں
رواں برس کا فارمولا ون سیزن آسٹریلین گراں پری سے شروع ہونے والا ہے۔ پہلی کار ریس پچیس مارچ کو ہو گی۔ رواں برس کے فارمولا ون سیزن میں بعض ٹیمیں اپنی نئی کاروں سے قسمت آزمانے کی کوشش کریں گی۔
مرسیڈیز
رواں برس متعارف کرائی گئی مرسیڈیز کار گزشتہ برس جیسی ہی خیال کی گئی ہے۔ نئی مرسیڈیز میں خاص طور پر کاک پٹ کا ڈیزائن تبدیل کیا گیا ہے اور اس کی وجہ ڈرائیور کے سر کو حادثے کی صورت میں بہتر تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس کاک پٹ پر برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن (دائیں) نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
فراری
فراری گاڑی کے ڈرائیوروں میں چار مرتبہ ڈرائیورز چیمپیئن شپ جیتنے والے سیباستیان فیٹل کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ ان کے ساتھی کیمی رائیکونن بھی تجربہ کار اور ذہین ڈرائیور تصور کیے جاتے ہیں۔ فراری کی انتظامیہ کا خیال ہے کہ انجن میں نئی اختراعات مثبت تبدیلیوں کا پیش خیمہ ہوں گی۔
ریڈ بُل
اس ٹیم کی نئی کار کی رفتار کو غیرمعمولی قرار دیا گیا ہے۔ نئی کار آر بی چودہ کا آزمائشی مرحلہ جاری ہے۔ یہ تجربات بارسلونا میں کیے جا رہے ہیں۔ ریڈ بُل انتظامیہ رواں برس اس کار سے بڑی امیدیں لگائے ہوئے ہے۔
ولیمز
ولیمز کی نئی کار FW41 نئے ٹیکنیکل ڈائریکٹر پیڈی لوو کی نگرانی و ہدایات کے تحت تیار کی گئی ہے۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ولیمز ٹیم نے فراری کار کے ایک سابق ماہر ڈِرک ڈے بیر کو بھی اپنا حصہ بنا لیا ہے۔ ولیمز ٹیم سے تجربہ کار ڈرائیور فلپ میسا ریٹائر ہو گئے ہیں۔ اب انیس سالہ کینیڈین ڈرائیور لاننس اسٹرول پر سب کی نگاہیں ہیں۔
میکلارن
رواں برس میکلارن ٹیم کے ڈرائیوروں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ ہسپانوی فرنانڈو الونسو نئی رینو کار پر سواری کریں گے۔ گزشتہ برسوں میں رینو کار میں نصب ہنڈا انجن کی وجہ سے بعض مسائل کا سامنا تھا۔ آزمائش کے دوران الونسو نے نئی کار کو شاندار قرار دیا ہے۔ اس ٹیم کے دوسرے ڈرائیور اسٹوفل فانڈرُون ہیں۔
رینو
رینو کار ساز ادارے کی اپنی ٹیم بھی فارمولا ون میں حصہ لیتی ہے۔ رواں برس اس کار کے رنگوں کو ایک نئی شکل دی گئی ہے۔ سن 2018 میں اس ٹیم میں جرمن ڈرائیور نیکو ہُلکن برگ اور ہسپانوی کارلوس سائنیز جونیر شامل ہیں۔ فرانسیسی کار ساز ادارہ توقع کرتا ہے کہ اس کی پوزیشن میں بہتری آئے گی۔
فورس انڈیا
فورس انڈیا بدستور گلابی رنگ کے ساتھ فارمولا ون سیزن برائے سن 2018 میں شامل ہو گی۔ اس ٹیم میں ایسٹبان اوکون (بائیں سے تیسرے) اور میکسیکو کے سیرگیو پیریز ( دائیں سے دوسرے) ہیں۔ فورس انڈیا کی ٹیم کار کے کاک پٹ پر خوش نہیں ہے۔
زاؤبر
زاؤبر ٹیم کو یقین ہے کہ وہ سن 2017 سے خراب کارکردگی نہیں دکھائیں گے کیونکہ گزشتہ برس وہ سب سے آخری پوزیشن پر تھی۔ رواں برس اس کے مرکزی ڈرائیور الفا رومیو ہوں گے۔ زاؤبر کار میں فراری کا انجن نصب ہے۔ ٹیم کا خیال ہے کہ سویڈش ڈرائیور مارکوس ایرکسن بھی شاندار پرفارمنس دے سکتے ہیں۔
ٹورو روسو
یہ ریڈ بُل کی دوسری ٹیم ہے۔ اس ٹیم کے لیے مختص کاروں میں بھی ہنڈا کے انجن نصب ہیں۔ گزشتہ برسوں میں ٹورو روسو کی کاروں میں میکلارن کے انجن نصب تھے اور اس کی کارکردگی عدم تسلسل کا شکار تھی۔ اس کے ڈرائیوروں میں پیرر گاسلی (بائیں) اور برینڈن ہارٹلی(دائیں) شامل ہیں۔
ہاس ایف وَن
یہ ٹیم رواں برس اس توقع کے ساتھ شریک ہو رہی ہے کہ وہ اپنی آٹھویں پوزیشن کو خیرباد کہہ کر بلندی کی جانب بڑھے گی۔ اس ٹیم کا مرکز امریکی ریاست شمالی کیرولینا میں قائم ہے۔ اس کے پاس تجربہ کار ڈرائیوروں کی جوڑی ہے۔