فرانس میں علاقائی انتخابات، سارکوزی کو شکست
22 مارچ 2010سوشلسٹ پارٹی کی قیادت میں سرگرم عمل حزب مخالف کی سیاسی جماعتوں نے باون فی صد سے زائد ووٹ حاصل کئے ہیں اور سارکوزی کی یو ایم پی کو صرف پینتیس فیصد ووٹ ملے۔
فرانس کی سوشلسٹ پارٹی کو الیکشن میں کامیابی سے ایک نئی قوت ملی ہے اور پارٹی لیڈر مارٹینے آبری کے مطابق اب ان کی جماعت کی نظریں اگلے صدارتی الیکشن پر ہیں۔ سوشلسٹ پارٹی کی لیڈر کا مزید کہنا ہے کہ انتخابی نتائج سے واضح ہوا ہے کہ فرانسیسی عوام نے سارکوزی کی سیاسی پالیسیوں کو کلی طور پر مسترد کردیا ہے۔
اِس شکست کے بعد فرانسیسی وزیر اعظم Francois Fillon نے اپنی جماعت کی شکست کا اعترافی بیان جاری کرتے ہوئے اِس کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ پیر کے دن صدر سے شکست کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کریں گے۔ اس اعترافی بیان نے بائیں بازو کی کامیابی پر مہر ثبت کردی ہے۔
دوسری جانب ایسے امکانات بھی پیدا ہو گئے ہیں کہ الیکشن میں شکست کے بعد پیر کو وزیر اعظم Francois Fillon سارکوزی کو اپنا استعفیٰ بھی پیش کرسکتے ہیں۔ اگر ایسا نہ بھی ہوا تو ماہرین کے مطابق اِس شکست کے بعد وہ اپنی کابینہ میں ردوبدل ضرور کریں گے۔
نتائج کے مطابق فرانس کے اندر بائیس ریجن میں بننے والی حکومتوں میں سے صرف ایک علاقے پر سارکوزی کی جماعت کو حکومت سازی کا حق حاصل ہوا ہے۔ ماہرین کے نزدیک سن دو ہزار بارہ کے صدارتی الیکشن سے قبل یہ ایک بہت بڑا امتحان تھا جس میں سارکوزی ناکام ہو گئے ہیں۔ اِن انتخابات میں کامیابی اُن کو دوسری مدت کا الیکشن جیتنے میں تقویت فراہم کرسکتی تھی۔
سیاسی ماہرین کا اتفاق ہےکہ سارکوزی کو اگلےصدارتی الیکشن میں بہت مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے خیال میں سارکوزی اب اپنے ملک کے اندر اصلاحاتی ایجنڈے پر اُس رفتار سے عمل پیرا نہیں ہو سکیں گے جس کی وہ خواہش رکھتے ہیں۔ رائے عامہ کے تازہ جائزے کے مطابق فرانس کے ستاون فیصد عوام حکومت میں تبدیلی کی خواہش رکھتے ہیں۔
ریجنل الیکشن کے پہلے مرحلے میں ہی نتائج کا انداز سامنے آ گیا تھا۔ اس مرحلے میں آدھے افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ سٹیشنوں تک ہی نہیں گئے تھے اور یہی سارکوزی کی جماعت کو مہنگا پڑا۔ اِس کے علاوہ سارکوزی کے حامی اُن کے انتخابی وعدوں پر عمل نہ کرنے پر بھی ناخوش ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عاطف بلوچ