فرانس کا بدنام چور، جیل سے ہیلی کاپٹر پر فرار ہو گیا
1 جولائی 2018ریزوئن فائز فرانس کے انتہائی مطلوب مجرموں میں شمار ہوتا ہے۔ سن 2013 میں گرفتاری سے قبل وہ پولیس کو انتہائی مطوب تھا۔ الجزائری نژاد چھیالیس سالہ فائز کو انتہائی دلیر گینگسٹرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ اتوار پہلی جولائی کو دوسری مرتبہ جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔ اس سے قبل وہ سن 2013 میں گرفتار ہونے کے بعد پہلی مرتبہ فرار ہوا تھا۔
پہلی جولائی کو ریزوئن فائز پیرس کے نواح میں واقع جیل سے فرار ہوا۔ اس مرتبہ اُس نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا۔ سن 2013 میں وہ سکودین جیل کی دیواروں کو بارودی مواد سے اڑا کر فرار ہوا تھا۔
پانچ برس قبل وہ جیل سے فرار ہونے کے بعد صرف چھ ہفتوں بعد ہی دوبارہ پولیس کے ہاتھ لگ گیا تھا حالانہ اُس نے بھیس بھی خوب بدلے تھے۔ اس مرتبہ بھی پولیس نے پیرس کے چاروں طرف سکیورٹی چوکس کر دی ہے اور فائز کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
جیل حکام نے فائز کے فرار ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ اتوار کو وہ پیرس کے جنوب مشرقی نواحی علاقے ریو میں واقع انتہائی سکیورٹی والی جیل سے فرار ہوا۔ حکام کو دو پہلووں سے تفتیش کا سامنا ہے۔ ایک وہ جیل سے سخت سکیورٹی کے باوجود کیسے فرار ہوا۔ دوسرے ہیلی کاپٹر جیل کی چھت پر کیسے پہنچا اور یہ ہیلی کاپٹر کن افراد نے حاصل کیا تھا۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ جیل کے عملے کے کئی افراد اُس کی معاونت میں شامل ہو سکتے ہیں۔
ریزوئن فائز ایک باقاعدہ ڈکیت مانا جاتا ہے۔ وہ ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ بعض حلقوں کے مطابق اُس کا اپنا جرائم پیشہ گروہ ہے اور وہ اپنے حلقے میں اپنی دلیری کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے۔ پہلی ڈکیتی کے بعد وہ اسرائیل بھی فرار ہو گیا تھا لیکن وہاں سے بھی وہ واپس لوٹ آیا۔
وہ بالغ ہوتے ہوئے امریکی جرائم پر مبنی فلموں سے بہت زیادہ متاثر رہا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ انہی فلموں کے کرداروں کے خواب دیکھتا ہوا ایک مجرم بنا۔ اُس نے پیرس کے نواحی علاقوں میں جرائم کی فضا میں پرورش پانے والے افراد کے حوالے سے ایک کتاب بعنوان’ ڈکیتی اور جرائم کی بستیاں‘ یا فرنچ میں Braqueur: Des cités au grand banditisme بھی لکھ رکھی ہے۔