1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانسیسی صدر کا خفیہ معاشقہ منظر عام پر

کشور مصطفیٰ10 جنوری 2014

فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ نے ایک فرانسیسی میگزین میں چھپنے والی اُس رپورٹ کی مذمت کی ہے، جس میں اولانڈ کے ایک اداکارہ کے ساتھ ایک مبینہ اسکینڈل کو آشکار کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1AoZT
تصویر: picture-alliance/dpa/MAXPPP

اولانڈ کا کہنا ہے کہ یہ اُن کے پرائیویسی حقوق کی کُھلی خلاف ورزی ہے۔ فرانسیسی صدر کا کہنا ہے کہ کسی بھی نارمل شہری کی طرح اُنہیں بھی نجی زندگی کے تحفظ کے حقوق حاصل ہونے چاہییں۔

اولانڈ نے نجی معلومات کو خفیہ رکھنے کے حق کی خلاف ورزی کے مترادف اس رپورٹ کی اشاعت کے خلاف دیگر کارروائیوں سمیت قانونی ایکشن لینے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

ایک فرانسیسی ہفتہ وار جریدے Closer نے 2012ء میں برطانوی شہزادے ولیم کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن کی نیم برہنہ تصاویر شائع کی تھیں، جس پر اس جریدے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اسی جریدے نے اب فرانسیسی صدر کی سات صفحات پر مشتمل فوٹو البم شائع کی ہے، جس میں اُنہیں پیرس کے مضافات میں ایک اپارٹمنٹ بلاک میں مسلسل آتے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ جریدے نے اولانڈ کے اس مبینہ خفیہ معاشقے کو سچ ثابت کرنے کے لیے ان تصاویر کو شائع کیا ہے۔

Julie Gayet
اس جریدے کے مطابق 41 سالہ جولی گائیت ایک اداکارہ ہیں، جنہیں اس مذکورہ اپارٹمنٹ میں راتوں کو آتے دیکھا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

اس جریدے کے مطابق 41 سالہ جولی گائیت ایک اداکارہ ہیں، جنہیں اس مذکورہ اپارٹمنٹ میں راتوں کو آتے دیکھا گیا ہے۔ تصاویر میں اولانڈ کے باڈی گارڈ سے مشابہت رکھنے والے ایک شخص کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، جو اسکوٹر میں آگے بیٹھا ہوتا ہے اور پہلے اس اپارٹمنٹ میں داخل ہوتا ہے۔ اس کے پیچھے بیٹھا شخص، جس کی شناخت ممکن نہیں کیونکہ اُس نے سیاہ ہیلمٹ پہنا ہوا ہے، بعد میں اپارٹمنٹ میں داخل ہوتا ہے اور جریدے کا کہنا ہے کہ یہ شخص فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ ہے۔

فوٹو کی اس سیریز میں بعد کی تصاویر صبح کا منظر پیش کر رہی ہیں، جن میں آگے وہ شخص نظر آ رہا ہے، جس کے ہاتھوں میں کروسونز کا ایک تھیلا ہے اور اس کے پیچھے سیاہ ہیلمٹ میں دوسرا شخص اپارٹمنٹ سے باہر آ کر تیزی سے اسکوٹر پر بیٹھتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

ان تصاویر میں جو خاتون نظر آ رہی ہیں، وہ فرانسیسی اداکارہ جولی گائیت سے ملتی جُلتی ہیں۔ اس اداکارہ نے 2013ء میں ایک مزاحیہ فلم "Quai d'Orsay" میں وزارت داخلہ کی ایک عیار سفارتی مُشیر کا کردار ادا کیا تھا۔ تاہم ان تصاویر کے بارے میں جولی گائیت کے وکلاء کی طرف سے کوئی فوری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ جولی گائیت نے گزشتہ مارچ میں اپنے اسکینڈل کے بارے میں عام ہونے والی افواہوں کے خلاف نجی معاملات میں مداخلت کی ایک شکایت درج کروائی تھی۔ اُدھر اولانڈ کے دفتر کے ذرائع نے اس اسکینڈل کی صداقت پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

Frankreich: Parteitag der Sozialisten - Segolene Royal freies Format
سیگولین رویالتصویر: AP

2012ء میں اقتدار میں آنے والے فرانسوا اولانڈ کو ملک کی جدید تاریخ کا سب سے غیر مقبول صدر سمجھا جاتا ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ ملکی اقتصادی بدحالی میں بہتری لانے میں اولانڈ کی ناکامی ہے۔ اولانڈ کے ایک سابقہ صحافی والیری ٹریئر وائلر کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، جنہوں نے فرانس کی خاتون اول کی ذمہ داریاں سنبھال رکھی ہیں۔

فرانسوا اولانڈ کی ماضی کی رفیقہء حیات سیگولین رویال سے اُن کے چار بچے ہیں اور وہ اولانڈ کی سوشلسٹ پارٹی کی ایک سینیئر ممبر ہیں۔ 2007ء میں رویال صدارتی امیدوار بھی رہ چکی ہیں۔ 2007ء کے صدارتی انتخابات میں قدامت پسند سیاست دان نکولا سارکوزی سے شکست کھانے کے بعد رویال نے اولانڈ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

امریکی اور برطانوی عوام کے مقابلے میں فرانسیسی عوام کا اپنے لیڈروں کی بے وفائی اور بے راہ روی کے خلاف رویہ تاریخی طور پر روادارانہ رہا ہے۔ اس وجہ سے یہ کہنا مشکل ہے کہ اولانڈ کا یہ اسکینڈل ان کے سیاسی کیریئر پر کس طرح کے اثرات مرتب کرے گا۔