1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرینچ اوپن میں ماریہ شراپووا کی فتح

عدنان اسحاق8 جون 2014

فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے خواتین کے فائنل میں ماریہ شراپووا نے رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کو شکست دے دی۔ روسی کھلاڑی شراپووا کا یہ پانچواں گرینڈ سلیم ٹائٹل تھا۔

https://p.dw.com/p/1CEQN
تصویر: P.Guyot/AFP/GettyImages

روس کی ماریہ شراپووا اور رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کے مابین یہ فائنل تین گھنٹے اور دو منٹ تک جاری رہا۔ شراپووا نے ہالیپ کو چھ چار، چھ سات اور چھ چار سے شکست دی۔ فرینچ اوپن کی تاریخ کا یہ دوسرا طویل ترین فائنل تھا۔ اس سے قبل 1996ء میں اسٹیفی گراف اور آرانسکٹا سانچیز کے مابین کھیلا جانے والا فائنل تین گھنٹے اور چار منٹ طویل تھا۔ میچ کے بعد شراپووا نے کہا، ’’ یہ کسی بھی گرینڈ سلیم میں میرا اب تک کا سب سے مشکل ترین اور سخت فائنل تھا۔ سیمونا نے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کیا ‘‘۔

شراپووا عالمی رینکنگ میں ساتوین نمبر پر ہیں۔ انہوں نے پہلی مرتبہ 2012ء میں فرینچ اوپن ٹورنامنٹ جیتا تھا اور گزشتہ برس ٹورنامنٹ کے فائنل میں وہ امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز سے ہار گئی تھیں۔

Sharapova gewinnt die French Open 2014
سیمونا ہالیپ پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سیلم کا فائنل کھیل رہی تھیںتصویر: P.Guyot/AFP/GettyImages

شراپووا کے بقول، ’’ مجھے یقین نہیں آ رہا کہ میں نے 27 سال کی عمر میں فرینچ اوپن جیتا ہے۔ میرا خواب پورا ہو گیا ہے اور ٹورنامنٹ میرے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے‘‘۔ وہ میچ کے بعد انتہائی جذباتی دکھائی دے رہی تھیں۔ انہوں نے کہا، ’’ سات آٹھ سال پہلے میں یہ سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ میں یہ ٹائٹل دو مرتبہ جیت سکتی ہوں۔ میں اس وقت اس قدر جذباتی ہوں کہ میں بات نہیں کر پا رہی ہوں۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہا میں کس زبان میں بات کروں، انگریزی ، روسی یا پھر فرینچ میں‘‘۔

22 سالہ سیمونا ہالیپ عالمی سطح پر چوتھے نمبر کی کھلاڑی ہیں اور وہ پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سیلم کا فائنل کھیل رہی تھیں۔ اگر وہ یہ میچ جیت جاتیں تو وہ 1978ء میں ورجینیا روزیکی کے بعد فرینچ اوپن جیتنے والی رومانیہ کی پہلی کھلاڑی ہوتیں۔ روزیکی ہی ہالیپ کی منیجر بھی ہیں۔

ماریہ شراپووا اس سے قبل 2004ء میں ومبلڈن، 2006ء میں یو ایس اوپن، 2008ء میں آسٹریلین اوپن جیت چکی ہیں۔ فرینچ اوپن ٹائٹل وہ دو مرتبہ اپنے نام کر چکی ہیں۔ اس طرح وہ پہلی روسی کھلاڑی ہیں، جس نے ایک گرینڈ سلیم دو مرتبہ جیتنے کا ریکارڈ بنایا ہے۔ روس کا کوئی مرد کھلاڑی بھی ابھی تک یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا ہے۔ فرینچ اوپن کا مردوں کا فائنل آج اتوار کے روز ہسپانوی کھلاڑی رفائیل نادال اور سربیا کے نوواک یوکووچ کے مابین کھیلا جا رہا ہے۔ نادال اپنے اعزاز کا دفاع کر رہے ہیں۔ نادال آٹھ مرتبہ فرینچ اوپن جیت چکے ہیں۔