1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال، افغانستان کو پاکستان کے ہاتھوں شکست

عدنان اسحاق6 فروری 2015

لاہور میں کھیلے جانے والے دوستانہ فٹ بال میچ میں پاکستان نے افغانستان کو دو ایک سے شکست دے دی ہے۔ اس سے قبل یہ دونوں ٹیمیں 2013 ء میں کابل میں آمنے سامنے ہوئی تھیں۔

https://p.dw.com/p/1EXK8
تصویر: DW/T. Saeed

اس میچ کے بارے میں پہلے ہی کہا جا رہا تھا کہ پاکستان کو میزبانی کی وجہ سے برتری حاصل ہو گی۔ پاکستان کی جانب سے پہلا گول محمد ریاض نے کھیل کے 10 ویں منٹ میں کیا جس کے بعد افغان کھلاڑی امیر الدین انور نے 57ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے میچ کو ایک ایک سے برابر کر دیا۔ مقررہ وقت کے دوران دونوں ٹیموں کا ایک ایک گول تھا۔ تاہم اضافی وقت میں متبادل کھلاڑی سعد اللہ نے پاکستان کی جانب سے دوسرا گول کیا اور یہ برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

فٹ بال کی عالمی درجہ بندی میں افغان ٹیم 142 ویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کا اس فہرست میں 188 واں نمبر ہے۔ درجہ بندی میں اس فرق کے باوجود پاکستانی کپتان حسن بشیر کا میچ سے قبل کہنا تھا، ’’یہ حقیقت ہے کہ افغانستان کی ٹیم ہم سے بہتر ہے لیکن میچ میں ہم اس فرق کو حاوی نہیں ہونے دیں گے۔‘‘

Pakistan Fußbasllmannschaft Training
تصویر: DW/T. Saeed

2013ء میں آخری مرتبہ یہ دونوں ٹیمیں کابل میں ایک دوسرے کے مد مقابل آئی تھیں اور یہ میچ افغان ٹیم نے تین صفر سے جیت لیا تھا۔ اس سے قبل 2005ء میں جنوبی ایشیا فٹ بال فیڈریشن کپ کا میچ کھیلنے کے لیے افغانستان کی ٹیم کراچی آئی تھی۔

افغان ٹیم کے کپتان جلال الدین نے جمعے کے روز میچ شروع ہونے سے قبل کہا تھا کہ کھیل کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی: ’’ہم دوستی کا پیغام لے کر آئے ہیں اور میرے خیال میں اس طرح کی دوستی خطے میں کھیلوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔‘‘

اس میچ میں پاکستان کے بہترین فٹ بالر محمد عادل اور کلیم اللہ شریک نہیں ہو سکے کیونکہ یہ دونوں کھلاڑی کرغزستان کے کلب ایف سی دوردوئی کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔ پاکستانی کپتان حسن بشیر کے مطابق یہ دوستانہ میچ 2016ء کے اولمپکس اور 2018ء کے عالمی کپ کی تیاری کے اعتبار سے اہم تھا۔ عالمی کپ کے کوالیفائنگ میچز 12 سے 17 مارچ تک کھیلے جائیں گے جبکہ اولمپکس کے لیے میچز 23 سے 31 مارچ کو ہوں گے۔

پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن نے یہ فٹ بال میچ براہ راست نشر نہیں کیا۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے پی ٹی وی میں شعبہ کھیل کے سربراہ نعمان نیاز نے بتایا، ’’سلور لیگ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہے اور فیصل آباد وولفس اور واپڈا کا کرکٹ میچ ختم ہونے کے بعد فٹ بال میچ کی ریکارڈنگ نشر کی جائے گی۔‘‘