فٹ بال: جرمنی کو امريکا کے ہاتھوں شکست
3 جون 2013امريکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے آر ايف کے اسٹيڈيم ميں اتوار کو کھيلے گئے اس دوستانہ ميچ ميں مجموعی طور پر سات گول اسکور کيے گئے اور يہی وجہ ہے کہ شائقين کے نقتہ نظر سے يہ ميچ تفريح سے بھرپور رہا۔
امريکا کے ليے ميچ کا پہلا گول کھيل کے تيرہويں منٹ ميں جوزی آلٹیڈور نے کيا جب کہ چار ہی منٹ بعد جرمن گول کيپر کی ايک غلطی کے سبب امريکا نے دو گول کی برتری حاصل کر لی۔ جرمنی کی جانب سے پہلا گول ہائيکو ويسٹرمان نے ميچ کے 51 ویں منٹ ميں کيا۔ بعد ازاں ميزبان ٹيم کے ليے کلينٹ ڈيمپسی نے دو شاندار گول اسکور کيے اور ايک موقع پر امريکا کی ٹيم کو اپنی حريف جرمنی کے ٹيم پر ايک کے مقابلے ميں چار گول کی برتری حاصل تھی۔ تاہم ميچ کے اختتام کی جانب تھا کہ جرمن ٹيم نے بھرپور جوابی کھیل پیش کرتے ہوئے دو گول کر کے اسکور لائن کو قدرے بہتر صورت دے دی۔
يہ امريکا کی فٹ بال ٹيم کے کوچ يرگن کلينسمان کی اپنے سابقہ ملک يعنی جرمنی کے خلاف پہلی کاميابی تھی۔ کلينسمان پہلے جرمن شہری تھے۔ وہ سن 1990ء ميں فيفا ورلڈ کپ جيتنے والی مغربی جرمنی کی ٹيم ميں اسٹرائيکر کی حيثيت سے کھيلے تھے۔
اتوار کو ہی کھيلے جانے والے ديگر فرينڈلی ميچز ميں انگلينڈ اور برازيل کے درميان مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا جب کہ جنوبی افريقہ نے ليسوتھو کو صفر کے مقابلے ميں دو گول سے اور آئرلينڈ نے جورجيا کو صفر کے مقابلے ميں چار گول سے ہرايا۔ کيمرون اور يوکرائن کے درميان کھيلا جانے والا دوستانہ ميچ بغير کسی گول کے برابر رہا۔
واشنگٹن ميں يہ ميچ يو ايس ساکر فيڈريشن کے ايک سو سال مکمل ہونے کی تقريبات کے سلسلے ميں کھيلا گيا۔ اگلے بارہ دنوں کے دوران امريکی ٹيم کو تين ورلڈ کپ کواليفائنگ ميچز کھيلنے ہيں۔
(as/at (Reuters