فٹ بال: لندن میں چيمپئنز ليگ کے فائنل کی فاتح بائرن ميونخ
26 مئی 2013رواں سال جرمن قومی فٹ بال ليگ بنڈس ليگا کی ایک بار پھر چيمپئن بننے والی بائرن ميونخ کی ٹیم نے ہفتے کی رات برطانوی دارالحکومت لندن ميں کھيلے گئے ’آل جرمن‘ فائنل ميچ ميں کامیابی کے ساتھ اپنا مجموعی طور پر پانچواں چيمپئنز ليگ ٹائٹل جيتا۔
پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہنے کے بعد ميونخ کی ٹیم کے ليے ماريو مینڈزُوکِچ نے کھيل کے ساٹھويں منٹ ميں گول کرتے ہوئے اپنی ٹيم کو برتری دلا دی۔ لیکن 68 ويں منٹ ميں ڈورٹمنڈ کی ٹيم ايک پينلٹی کک پر گول کرتے ہوئے اسکور برابر کرنے ميں کامياب ہو گئی۔
اس طرح یہ میچ اپنے اختتامی لمحات تک برابر رہا اور فیصلہ کن گول ميچ ختم ہونے سے صرف ایک منٹ قبل کیا گیا۔ بائرن کے ہالينڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی آرین رَوبن نے 89 ویں منٹ میں ایک شاندار گول کرتے ہوئے اپنی ٹيم کو ڈورٹمنڈ پر ایک کے مقابلے میں دو گول کی برتری دلا دی اور یہی برتری بائرن میونخ کی کامیابی کی ضامن بنی۔
جرمنی کے دو فٹ بال کلبوں کے درميان کھيلا جانے والا يہ یورپی فائنل ميچ انتہائی تيز رفتار اور سنسنی خيز رہا۔ دونوں ٹيميں مسلسل ايک دوسرے کے گول پر حملوں کی کوششیں کرتی رہيں۔ پہلے ہاف کے شروع کے تيس منٹ کھیل پر بورُسيا ڈورٹمنڈ کے ٹيم حاوی رہی اور ميونخ کے گول کيپر مانويل نوئر کو مخالف ٹيم کو برتری حاصل کرنے سے روکنے کے ليے کافی محنت کرنا پڑی۔
کھیل کے پہلے آدھ گھنٹے کے بعد بائرن ميونخ کے جوابی حملوں میں بھی واضح تیزی آ گئی لیکن ہاف ٹائم تک میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں جيسے جيسے وقت گزرتا گیا، مقابلہ اپنے اختتام کی طرف بڑھتا رہا اور کھيل پر بائرن کی ٹيم کی گرفت مضبوط تر ہوتی رہی۔
لندن میں اپنی ٹیم کی کامیابی کے ساتھ بائرن ميونخ کے کوچ Jupp Heynckes یورپی فٹ بال کی تاريخ کے وہ چوتھے کوچ بن گئے ہيں، جنہوں نے اپنی کوچنگ میں دو مختلف کلبوں کو چيمپئنز ليگ کا فاتح بنایا۔ اس سے قبل سن 1998 ميں ہسپانوی کلب ریئل ميڈرڈ نے بھی یہی چیمپئنز لیگ ٹائٹل Heynckes کی کوچنگ میں جیتا تھا۔
اس سال پہلے بنڈس لیگا اور اب چيمپئنز ليگ ٹائٹل جيتنے کے بعد بائرن ميونخ کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ اگلے ہفتے جرمن دارالحکومت برلن ميں ہونے والے جرمن کپ کے فائنل ميں اشٹٹ گارٹ کی ٹیم کے خلاف کاميابی حاصل کر کے رواں سيزن ميں تين انتہائی اہم ٹائٹلز کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لے۔
(as/mm (Reuters