1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال ورلڈ کپ: سویڈن اور بیلجیم نے اپنے اپنے میچ جیت لیے

عابد حسین
18 جون 2018

روس میں جاری ورلڈ کپ میں سویڈن نے جنوبی کوریا کو ہرا دیا ہے۔ اٹھارہ جون کو کھیلے جانے والے ایک اور میچ میں بیلجیم کو پاناما پر فتح حاصل ہوئی۔ جرمن ٹیم کو اپ سیٹ شکست کے بعد ایک مشکل صورت حال کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/2zm0u
Russland WM 2018 Belgien gegen Panama
تصویر: Reuters/F. Lenoir

روس میں کھیلے جانے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں گروپ ایف تک کے بارہ میچ مکمل ہو گئے ہیں۔ پیر اٹھارہ جون کو سویڈن نے جنوبی کوریا کو ایک گول سے شکست دے دی۔ پیر اٹھارہ جون کو کھیلے جانے والے عالمی کپ کے تیرہویں میچ میں بیلجیم نے پاناما کو تین صفر سے ہرا دیا۔ دوسری جانب گروپ ایف میں میکسیکو اور سویڈن ایک ایک میچ جیت کر پہلی اور دوسری پوزیشن پر ہیں۔ منگل کو گروپ لیول کے پہلے مرحلے کے میچ مکمل ہو جائیں گے۔

جرمن ٹیم کو میکسیکو نے اتوار کی شام میں کھیلے گئے ایک میچ میں ہرا دیا۔ میکسیکن ٹیم کی جانب سے میچ کا واحد گول پہلے حصے کے پینتیسویں منٹ میں نوجوان اور تیزرفتار فارورڈ ونگر اِرونگ لوسانو نے کیا۔ لوسانو کو ورلڈ کے شروع ہونے سے قبل ہی تہلکہ مچا دینے والے فٹ بالرز میں شمار کیا جا چکا ہے۔ جرمن ٹیم کے خلاف اُس کی برق رفتاری نے شائقین اور ماہرین کو متاثر کیا۔

جرمنی ورلڈ کپ کے گروپ ایف میں ہے اور اس گروپ کا ایک اور میچ سویڈن اور جنوبی کوریا کے درمیان اٹھارہ جون کھیلا جا رہا ہے۔ اس میچ کا فیصلہ جرمن ٹیم کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کے لیے انتہائی اہم خیال کیا جا رہا ہے۔

مجموعی طور پر اب جرمن ٹیم اپنے اگلے دونوں میچ جیت کر ہی ناک آؤٹ مرحلے یا پری کوارٹر فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔ اگلے مرحلے میں داخل ہونے کے لیے جرمن ٹیم کے کوچ ژوآخم لُوو کو دونوں میچ جیتنے کے لیے کھیل کی حکمت عملی میں واضح تبدیلی پیدا کرنا ہو گی بصورت دیگر دفاعی چیمپیئن ٹیم ناک آؤٹ راؤنڈ سے قبل ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو سکتی ہے۔

گروپ ای میں سے سیربیا نے ایک گول سے لاطینی امریکی ٹیم کوسٹا ریکا کو ہرایا۔ اس میچ کے جیتنے سے وہ اپنے گروپ کی ٹاپ ٹیم بن گئی ہے۔ اسی گروپ میں برازیل کا میچ سوئٹزرلینڈ کے ساتھ تھا اور یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

Fußball WM 2018 Gruppe F Deutschland - Mexiko
جرمن گول کیپر میکسیکن کھلاڑی لوسانو کی شارٹ روکنے میں ناکام رہےتصویر: Reuters/C. Hartmann

اس میچ میں سب نگاہیں برازیلی فٹ بال نیمار جونیئر پرچمی ہوئی تھیں۔ برازیل کی ٹیم کے کپتان نیمار اس وقت دنیا کے سب سے مہنگے فٹ بالر تصور کیے جاتے ہیں لیکن وہ اپنی ٹیم کے لیے فتح کی راہ ہموار نہیں کر سکے۔ فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین نے نیمار کو حاصل کرنے کے لیے ڈھائی سو ملین ڈالر سے زائد رقم ادا کی تھی۔

اب تک کے میچوں میں تین انتہائی مشہور فٹ بالرز میں سے کرسٹیانو رونالڈو کی پرفارمنس بلاشبہ لاجواب رہی ہے۔ وہ اسپین کی مضبوط ٹیم کے خلاف تین گول کرنے میں کامیاب رہے۔ بقیہ دو میں ارجنٹائن کے لیونل میسی اور برازیل کے نیمار ڈی سلوا سانتوس کی پرفارمنس توقعات سے کم رہی۔

آئس لینڈ کے خلاف لیونل میسی پنالٹی کک پر گول نہیں کر سکے اور وہ میچ برابر رہا۔ اِس میچ میں دنیا کے آبادی کے لحاظ سے چھوٹے ملکوں میں شمار کیے جانے والے یورپی ملک آئس لینڈ کی ٹیم نے زوردار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ آئس لینڈ پہلی مرتبہ فٹ بال ورلڈ کھیل رہی ہے۔

گروپ لیول کے دوسرے موحلے کے میچز کا آغاز انیس جون سے ہو رہا ہے۔ جرمن ٹیم اپنا اگلا میچ تیئیس جون کو سویڈن کے ساتھ کھیل رہی ہے۔ سویڈن کی ٹیم بنیادی طور پر دفاعی کھیل پر انحصار کرتے ہوئے گول کرنے کے مواقع ڈھونڈتی ہے۔ جرمن ٹیم کو سویڈش ٹیم کے دفاع کو توڑنے میں بہت محنت درکار ہو گی۔