فٹ بال ورلڈ کپ وارم اپ میچ: جرمنی نے چلی کو ہرا دیا
6 مارچ 2014جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں کھیلے جانے والے اِس میچ میں میزبان شائقین کی بڑی تعداد کے سامنے جرمن فٹ بال ٹیم زور دار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے سے قاصر رہی۔ اشٹٹ گارٹ میں ورلڈ کپ کے لیے یہ پریکٹس بین الاقوامی دوستانہ میچ جرمنی اور جنوبی امریکی ملک چلی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں چلی کی ٹیم نے جرمن شائقین کے سامنے شاندار پرفارمنس دی۔ تاہم وہ یہ میچ ہار گئی۔ پہلے ہاف میں کچھ دیر کے لیے جرمن ٹیم نے چلی پر دباؤ ضرور بڑھایا اور اسی دوران ایک گول بھی کیا گیا۔ بعد میں یہی گول جرمن ٹیم کی جیت کا سبب بنا۔
میچ کے دوران چلی کی ٹیم نے جرمن گول پر کم از کم 17 بار حملہ کیا اور جواب میں جرمنی کی جانب سے صرف سات مرتبہ فارورڈ اور مڈ فیلڈر مہمان ٹیم کے گول تک پہنچ پائے۔ میچ کے دوران جنوبی امریکی ٹیم کو کُل 14 کارنر ملے اور جرمن ٹیم صرف چار کارنر حاصل کر پائی۔ کوچ ژورگےسامپاؤلی کی ٹیم مجموعی طور پر انتہائی جاندار کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہی۔ میچ کے پہلے ہاف میں جرمن ٹیم کے فارورڈ ماریو گوئٹزے نے سولہویں منٹ میں گول کیا تھا۔
کمزور کھیل کا اعتراف جرمن ٹیم کے کپتان فلپ لاہم نے بھی کیا اور میچ میں کامیابی کو خوش قسمتی سے تعبیر کیا۔ فلپ لاہم نے کہا کہ وہ کم معیاری کھیل پیش کرنے کے تناظر میں شائقین کی ناپسندیدگی کو محسوس کر رہے ہیں۔ لاہم کے ٹیلی وژن انٹرویو کے دوران بھی جرمن شائقین خفگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیٹیاں بجانے کے علاوہ آوازے بھی کستے رہے۔ جرمن ٹیم کے نائب کپتان باستیان شوائنشٹائیگر کا کہنا تھا کہ جیت بہر حال جیت ہوتی ہے لیکن چلی کی ٹیم نے متوازن اور مضبوط ٹیم ہوتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کیا۔ شوائنشٹائیگر کے مطابق میچ کے دوران اُن کی ٹیم سے متعدد گول کرنے کے مواقع یقینی طور پر ضائع ہوئے۔
ورلڈ کپ کے لیے کھیلے گئے اس وارم اپ میچ میں جرمن ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے قومی ٹیم کے کوچ یووآخم لو کے پاس ٹیم کی پرفارمنس کے حوالے سے جواب کم اور سوال زیادہ تھے۔ میچ کے دوران اپنی ٹیم کا غیر معیاری کھیل دیکھتے ہوئے وہ بار بار برہمی کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ورلڈ کپ کے شروع ہونے میں صرف 99 دن رہ گئے ہیں اور ٹیم کے اندر تال میل کی کمی سے انہیں مایوسی ہوئی ہے۔جرمن کوچ نے میچ کے دوران مختلف کمبینیشن بھی بنائے لیکن کچھ بہتری پیدا نہ ہو سکی۔ پوڈولسکی اور میروسلاو کلوزے کو بھی انہوں نے میدان میں اتارا لیکن فارورڈ اور مڈ فیلڈر کے درمیان ہم آہنگی کی کمی رہی۔
جرمنی کی قومی ٹیم کے لیے ابتدائی عبوری ٹیم کا اعلان آٹھ مئی کو کیا جانا ہے۔ بعد میں اسی عارضی ٹیم میں سے حتمی ٹیم برازیل کھیلنے جائے گی۔ چلی کے خلاف میچ میں جرمن ٹیم کے دفاعی کھلاڑی مارسیل ژینسن زخمی ہو گئے ہیں۔