1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال ورلڈ کپ کوالیفائنگ مقابلے میں جرمنی کی جیت

12 ستمبر 2012

جرمنی، اسپین، فرانس، روس اور ہالینڈ نے منگل کو فٹ بال ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مقابلوں میں اپنے اپنے میچ جیت لیے ہیں۔ انگلینڈ اور یوکرائن کے درمیان میچ بے نتیجہ رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1675C
تصویر: Bongarts/Getty Images

ورلڈ کپ 2014 ء کے کوالیفائنگ مرحلے کے سلسلے میں گروپ سی میں منگل کو جرمنی کا سامنا آسٹریا سے ہوا۔ جرمنی نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔

جرمنی نے یورو 2012ء چیمپئن شپ کے کولیفائنگ مرحلے میں اپنے تمام دس میچ جیتے تھے، تاہم ویانا میں منگل کو آسٹریا کے خلاف میچ میں جیت اس کے کھلاڑیوں کے لیے مشکل ہدف ثابت ہوا، جس میں وہ بلآخر کامیاب رہے۔

یوں جرمنی کو مزید تین پوائنٹس مل گئے ہیں اور وہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ کے لیے اپنے گروپ میں اس کی نمبر ایک کی پوزیشن بدستور برقرار ہے۔

کم از کم میچ کے چوالیسویں منٹ تک جرمن شائقین کے دلوں میں یہ خدشہ پیدا ہو چکا تھا کہ منگل کے اس مقابلے میں 1978ء کے ورلڈ کپ کی تاریخ دہرائی جائے گی جب آسٹریا نے جرمنی کو بدترین شکست سے دو چار کیا تھا۔

میچ کے بعد جرمن کوچ یوآخم لو نے کہا: ’’جب کھیل پر ہمارا کنٹرول ہوا تو ہم نے کسی حد تک اچھی کارکردگی دکھائی، لیکن یہ سلسلہ پورے میچ کے دوران جاری نہیں رہا۔‘‘

WM-Qualifikation - Österreich - Deutschland
آسٹریا میچ جیت سکتا تھا، جوآخم لوتصویر: picture-alliance/dpa

ان کا کہنا تھا کہ جرمنی کے پاس کم مواقع تھے جبکہ آسٹریا میچ برابر کر سکتا تھا۔ یوآخم لو نے کہا کہ آسٹریا کی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر تین پوائنٹس کے حصول پر وہ خوش ہیں۔

دیگر مقابلے

گروپ آئی میں اسپین کا مقابلہ تبلیسی میں جارجیا سے ہوا، جو اس نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا۔ میچ کا واحد گول کھیل کے 86ویں منٹ میں ہوا۔

اٹلی نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے مالٹا کو شکست دی ہے۔ مالٹا جیسی نچلے درجے کی ٹیم کے خلاف اٹلی کو اس جیت کو غیرمتاثر کُن قرار دیا جا رہا ہے۔

گروپ ایچ کے لیے ومبلے میں انگلینڈ اور یوکرائن کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ فرانس نے پیرس میں بیلاروس کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی ہے۔

روس نے اسرائیل کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے مات دی ہے اور یوں گروپ ایف میں پہلی پوزیشن پر ہے۔ گروپ ڈی میں ہالینڈ نے ہنگری کو چار ایک سے شکست دی ہے۔

ng / at (Reuters)