فٹ بال کا کنفيڈریشن کپ، سترہ جون سے شروع
16 جون 2017سن 2018 میں فٹ بال کا ورلڈ کپ روس کی میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے۔ کل سترہ جون سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کو عالمی کپ کا اولین باب خیال کیا جاتا ہے۔ اس میں ورلڈ کپ کے ميزبان اور چيمپئن ملک کی ٹيموں کے علاوہ علاقائی فيفا کنفيڈريشن کپ کی فاتح چھ ٹيميں شامل ہوتی ہيں۔ ان میں میکسیکو، روس، جرمنی، چلی، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پرتگال اور کیمرون شامل ہیں۔ ان ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جرمنی پول اے میں ہے۔
اگلے برس کے ورلڈ کپ کے مختلف میچز روس کے گیارہ شہروں میں کھیلیں جائیں گے لیکن کفیڈریشن کپ کا انعقاد آٹھ شہروں میں ہو گا۔ ان شہروں میں سینٹ پیٹرزبرگ، ماسکو، کازان اور سوچی شامل ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل میچ روس کے ایک بڑے اور اہم شہر سینٹ پیٹرز برگ میں دو جولائی کو کھیلا جائے گا۔ سترہ جون کو ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ روس اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہو گا۔
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد سے روس عالمی برادری اور فٹ بال کھیل کے عالمی نگران ادارے فیفا پر یہ ظاہر کر سکے گا کہ اُس نے فٹ بال ورلڈ کپ کے انعقاد کی تمام تیاریاں بھرپور انداز میں مکمل کر لی ہیں۔ اسی طرح روسی منتظمین بھی اقوام عالم کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ روس کا اسپورٹس انفراسٹراکچر مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔
کنفیڈریشن کپ کے انعقاد کے موقع پر روسی حکومت اور منتظمین نے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ ماسکو حکومت کی کوشش ہے کہ کنفیڈریشن کپ اور عالمی کپ کے دوران سلامتی کے انتظامات میں کوئی دراڑ پیدا نہ ہو سکے۔ اس کے لیے اضافی دستوں کی تعیناتی بھی کی گئی ہے۔
اس ٹورنامنٹ کے دوران فیفا نے نسلی تعصب کی حوصلہ شکنی کے لیے مختلف اقدامات تجویز کیے ہیں۔ شائقین کی جانب سے ایسی آوازيں کسنے پر میچ ریفری کچھ وقت کے لیے میچ کو روک سکنے کا مجاز ہو گا۔ اگر شائقین کے رویے میں تسلسل پایا گیا تو اُن سے باقاعدہ درخواست کی جائے گی کہ وہ ایسا کرنے سے اجتناب کریں اور آخری اقدام میں میچ منسوخ کر دیا جائے گا۔