فٹ بال کمنٹری نے پاگل نہیں ہونے دیا، شہباز تاثیر
12 جون 2016شہباز تاثیر نے شدت پسندوں سے رہائی کے بعد ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ قید کے دوران وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے میچوں کی کمنٹری ریڈیو پر سنتے تھے اور اس کمنٹری کی بدولت ہی وہ اپنے ہوش و ہواس میں رہے۔
شہباز تاثیر کو 2011ء میں مسلح افراد لاہور سے اغوا کر کے لے گئے تھے اور رواں برس مارچ میں وہ اپنے گھر والوں سے دوبارہ ملے ہیں۔ ابھی حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں ان پانچ سالوں کے دوران ڈھائے جانے والے مظالم کی داستان بیان کی۔
اس دوران انہوں افشا کیا کہ ان کی نگرانی پر مامور ایک محافظ کی مہربانی سے وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے تمام فٹ بالوں میچوں کی روداد سن پاتے تھے۔ یہ محافظ اپنا ریڈیو قید خانے میں لے آتا تھا اور وہ خود بھی اسی برطانوی فٹ بال کلب کا مداح تھا۔
شہباز کے بقول، ’’میرے لیے یہ بیرونی دنیا سے رابطے کا واحد ذریعہ تھا۔ فٹ بال کی خبروں نے مجھے پاگل نہیں ہونے دیا۔‘‘
ہفتے کے روز انہوں نے اپنی ایک تصویر ٹویٹ کی ہے، جس میں وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی سرخ ٹی شرٹ پہنے ہوئی ہے اور ان کے چہرے پر خوشی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ اس تصویر کے نیچے تحریر ہے ’’ او خدایا ، مانچسٹر یونائیٹڈ نے مجھے یہ بھیجی ہے، میں حیران ہوں۔ شکریہ دوستو(کھلاڑیوں)۔‘‘
شہباز تاثیر کی رہائی کے حوالے سے معاملات ابھی تک غیر واضح ہیں۔ انہوں نے بی بی سی اور سی این این کو بتایا تھا کہ تحریک ازبکستان انہیں قیدیوں کے تبادلے کے لیے استعمال کرنا چاہتی تھی۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ طالبان کے پاس آنے کے بعد طالبان کے ایک سینیئر کمانڈر نے انہیں آزاد کرانے میں ان کی مدد کی لیکن انہوں نے مدد کی وجہ نہیں بتائی۔