فٹ بال: یورو کپ کوالیفائنگ میچ میں اسپین کی فتح
26 مارچ 2011یورو کپ کوالیفائنگ میچز میں اپنی سو فیصد برتری کو برقرار رکھتے ہوئے ہسپانوی ٹیم نے جمہوریہ چیک کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا ہے۔
اسپین کو فتح دلانے میں مرکزی کردار اسٹار کھلاڑی ڈیوڈ ولا کا تھا جنہوں نے دو گول اسکور کیے۔ اس طرح ڈیوڈ ولا اسپین کی طرف سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ولا نے اپنا پینتالیسواں اور چھیالیسواں گول بہترویں میچ میں کیا۔
اس میچ میں فتح کے بعد یورو کپ کے دفاعی چیمپین اور عالمی چیمپیئن اسپین نے مسلسل دس میچز میں اپنی برتری کا سلسلہ برقرار رکھا ہے۔ چیک رپبلک کے چھ پوائنٹس ہیں تاہم وہ ایک اپسیٹ کرنے کی پوزیشن میں اس وقت تھے جب انہوں نے اسپین کے خلاف پہلا گول داغ دیا تھا۔
اس میچ کی ایک اور خاص بات ہسپانوی کھلاڑی چاوی کا قومی ٹیم کے لیے سوواں میچ کھیلنا تھا۔ چاوی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی فارم سے بہت خوش ہیں اور وہ ٹیم کے لیے مزید کھیلنا چاہتے ہیں۔ چاوی نے چیک رپبلک کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چیک رپبلک نے اسپین کو ایک سخت مقابلہ دیا اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
چاوی نے سن دو ہزار میں اپنے کیریئر کا آغاز ہالینڈ کی ٹیم کے خلاف کیا تھا۔ اسپین یہ میچ ہالینڈ سے ہار گیا تھا تاہم گزشتہ برس کے عالمی کپ میں اسپین نے ہالینڈ کو فائنل میں شکست دی تھی اور اس میں چاوی کا ایک بھرپور کردار تھا۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عصمت جبیں