فیفا ورلڈ کپ: جرمنی بمقابلہ پرتگال، رونالڈو ’سو فیصد فٹ‘
16 جون 2014پرتگال کے مایہ ناز فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے اتوار کی شب صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیر کے دن جرمنی کے خلاف کھیلتے ہوئے وہ اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ آج بروز پیر برازیلی شہر سلواڈور میں گروپ جی کے افتتاحی میچ میں جرمنی اور پرتگال کی ٹٰیمیں مد مقابل ہوں گی۔
رئیل میڈرڈ کی نمائندگی کرنے والے انتیس سالہ رونالڈو حالیہ دونوں میں مختلف قسم کی انجریز کا شکار رہے تاہم اتوار کے دن حتمی ٹریننگ سیشن کے دوران ایسے خدشات دم توڑ گئے کہ وہ جرمنی کے خلاف نہیں کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’میں 110 فیصد فٹ ہونا چاہتا تھا اور میں سو فیصد فٹ ہوں اور جرمنی کے خلاف اپنی ٹیم کو جتوانے کی بھرپور کوشش کروں گا۔‘‘
یورو کپ 2012ء کے میچ میں جرمنی نے پرتگال کو ایک صفر سے مات دی تھی جبکہ گزشتہ چار بڑے ٹورنامنٹ مقابلوں میں جرمن قومی فٹ بال ٹیم پرتگالی ٹیم کو تین مرتبہ شکست دے چکی ہے۔ تاہم رونالڈو کے بقول اب وقت آ گیا ہے کہ ان کی ٹیم ناکامیوں کے اس ریکارڈ کو توڑ سکے گی۔
لیونل میسی کا شاندار گول
فیفا ورلڈ کپ کے چوتھے دن اتوار کو مجموعی طور پر تین میچ کھیلے گئے۔ گروپ ایف کے ایک میچ میں ارجنٹائن نے بوسنیا ہرسوگوینا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ ریو ڈی جینرو میں کھیلے گئے اس میچ کا پہلا گول اس وقت ہوا، جب بوسنیا کے کھلاڑی زئید کولازینک نے غلطی سے اپنے ہی گول پوسٹ میں فٹ بال ڈال دیا۔
چار مرتبہ سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے 65 ویں منٹ میں ایک شاندار گول کر کے ارجنٹائن کی برتری کو مستحکم کر دیا۔ اگرچہ کھیل کے 84 ویں منٹ میں ویڈڈ ابیزاوِچ نے بوسنیا کی طرف سے گول کر دیا لیکن ارجنٹائن ایک دو سے یہ میچ جیتنے میں کامیاب رہا۔
گول لائن ٹیکنالوجی کا تاریخی استعمال
اتوار کو گروپ ای کے ایک اور میچ میں فرانس نے ہنڈوراس کو تین صفر سے ہرایا۔ فرانسیسی کھلاڑی بلیز میٹودی نے 14 منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جبکہ رئیل میڈرڈ کے اسٹرائیکر کریم بینزیما نے 45 ویں منٹ میں ایک اور گول کر دیا۔
اس میچ کے دوران اُس وقت فٹ بال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گول لائن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، جب بینزیما کی لگائی گئی ایک کک پر فٹ بال گول پوسٹ سے ٹکڑانے کے بعد گول کیپر والادیریس کے ہاتھ سے لگ کر گول پوسٹ میں چلا گیا۔ بعد ازاں بینزیما نے 72 ویں منٹ میں پینلٹی کک پر ایک اور گول کر کے فرانس کو حتمی برتری دلوا دی۔
سوئٹزرلینڈ کی جیت
اتوار کے دن ہی گروپ ای کے افتتاحی میچ میں سوئٹزرلینڈ کی ٹیم ایکوڈور کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دینے میں کامیاب ہو گئی۔ اس میچ کا پہلا گول 22ویں منٹ ﺍیں ایکوڈور کی طرف سے کیا گیا۔
میچ کے 48 ویں منٹ میں سوئس کھلاڑی اجمیر مہمدی نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ اس میچ کا آخری گول انتہائی سنسنی خیز رہا۔ یہ گول آخری لمحات میں فرانسیسی کھلاڑی ہارَس سیفیرووَچ نے کیا اور اپنی ٹیم کو ایک ڈرامائی انداز میں کامیابی دلائی۔