1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ فرانس کے نام

15 جولائی 2018

فیفا ورلڈ کپ 2018 کے فائنل میں فرانس نے کروشیا کو دو گول کے مقابلے میں چار سے شکست دے کر يہ ٹائٹل جیت لیا ہے۔ کروشیا پہلی مرتبہ عالمی کپ کے فائنل تک رسائی میں کامیاب ہوا تھا۔

https://p.dw.com/p/31Ufc
Russland WM 2018 Frankreich gegen Kroatien
تصویر: Reuters/C. Recine

روسی دارالحکومت ماسکو میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2018 کے فائنل میچ میں فرانس نے کروشیا کو آسانی کے ساتھ مات دے دی۔ کروشیائی کھلاڑی کھیل میں ایک بڑے میچ کے دباؤ میں نظر آئے اور کئی غلطیوں کے مرتکب ہوئے، جس کی وجہ سے فرانس کی ٹيم چار گول کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

فرانس کی طرف سے پہلا گول گریزمان کی ایک فری کک پر 18 ویں منٹ میں ہوا۔ جب گریزمان نے کک لگائی تو کروشیائی کھلاڑی ماریو منجوکچ ہیڈ سے بال کو کلیئر کرنے کی کوشش میں اپنے خلاف ہی گول کر بیٹھے۔

کھیل کے 28 ویں منٹ میں کروشیا کی طرف سے گول کر دیا گیا اور یوں یہ میچ ایک ایک سے برابر ہو گیا۔ یہ گول پیریسچ نے کیا۔ ہاف ٹائم سے قبل فرانس کی طرف سے دوسرا گول گریزمان نے ایک پينلٹی کک پر کیا۔

دوسرے ہاف میں بھی کروشیائی کھلاڑی کچھ دباؤ میں نظر آئے۔ کھیل کے 59 منٹ پر پوگبا نے فرانس کے لیے ایک اور گول کر دیا جبکہ 65 ویں منٹ میں ماپے نے گول کر کے فرانس کو تین گول کی برتری دلوا دی۔

کھیل کے 69 ویں منٹ میں فرانسیسی کھلاڑیوں کی ایک غلطی کی وجہ سے منجوکچ نے اپنی ٹیم کے لیے دوسرا گول کر دیا۔ یوں فرانس کی ٹیم یہ میچ دو گول کے مقابلے میں چار گول سے جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔

اس فائنل میچ کو دیکھنے کی خاطر روسی صدر ولادی میر پوٹن اور فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

عالمی کپ مقابلوں میں کروشیا کا یہ پہلا فائنل تھا۔ یوں یورپ کا ایک چھوٹا سا ملک عالمی کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والا تیرہواں ملک بن گیا۔ ابھی تک یورپ کے دس مختلف ممالک ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

عالمی کپ مقابلوں میں فرانس تیسری مرتبہ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوا۔ فرانس نے سن 1998 کا عالمی کپ اپنے نام کیا تھا جبکہ سن دو ہزار چھ کے ورلڈ کپ میں فرانس پينلٹی شوٹ آؤٹ پر ہار گیا تھا۔