1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ ناک آؤٹ راؤنڈ: فرانس نے ارجنٹائن کو شکست دے دی

30 جون 2018

روس میں جاری فٹ بال کے عالمی مقابلوں میں ناک آؤٹ مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ آج کھیلے گئے پہلے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن اور فرانس کے مابین مقابلہ ہوا۔ اس میچ میں فرانس نے ارجنٹائن کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/30bLs
FIFA Fußball-WM 2018 | Achtelfinale | Frankreich vs. Argentinien | 4. TOR Frankreich
تصویر: Reuters/D. Martinez

روسی شہر قازان میں کھیلے جانے والے ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے میچ کا آغاز ہی سنسنی خیز انداز میں ہوا۔ فرانس نے کھیل کی ابتدا جارحانہ انداز میں کی اور زیادہ تر وقت گیند اپنے پاس رکھی۔ فرانسیسی اسٹرائیکر گریزمان فری کک پر تو گول نہ کر پائے تاہم کھیل کے گیارہویں منٹ ہی میں ارجنٹائن کے مارکوس روخو کی غلطی کے باعث فرانس کو پينلٹی شوٹ مل گیا جس پر گریزمان نے آسانی سے گول کر دیا۔

فرانسیسی کھلاڑیوں نے کھیل پر اپنی گرفت برقرار رکھی اور ان کا دفاع بھی مضبوط دکھائی دیا۔ تاہم پہلے ہاف کے اکتالیسویں منٹ میں ارجنٹائن کے کھلاڑی ڈی ماریا نے ایک تیز رفتار شاٹ کی مدد سے گول کر دیا۔

پہلا ہاف ختم ہونے تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر تھا۔ ارجنٹائن کی ٹیم نے دوسرے ہاف کا آغاز بہتر انداز میں کیا۔ میسی نے فرنچ گول کے قریب ہی سے ایک اچھا پاس گول کی جانب پھینکا جسے گابریئل میرکاڈو نے گول میں پھینک دیا۔

ارجنٹائن کی فرنٹ لائن نے سبقت تو دلا دی تاہم ٹیم کے دفاعی کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی اس میچ میں بھی نمایاں رہی۔ خاص طور پر فرانسیسی کھلاڑی ماپے برق رفتاری سے ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے دکھائی دیے۔

57ویں منٹ میں ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑیوں نے بروقت گیند کو کلیئر نہیں کیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بینجمن پوارد نے ایک بہترین کک کی مدد سے گول کر دیا۔ یوں میچ دوبارہ دو دو گول سے برابر ہو گیا۔

اس کے کچھ دیر بعد ہی 64ویں منٹ میں نوجوان فرانسیسی کھلاڑی کیلین ماپے نے گول کر کے فرانس کو ایک مرتبہ پھر برتری دلا دی۔ تیسرا گول ہونے کے بعد ارجنٹائن کے کھلاڑیوں میں بے چینی نمایاں ہونے لگی اور اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محض چار منٹ بعد، یعنی 68ویں منٹ میں مابے نے ایک اور گول کر کے فرانس کی برتری دگنی کر دی۔

دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد ارجنٹائن کی واپسی کے امکانات کم ہوتے دکھائی دیے۔ میسی کی ٹیم کا دفاع تو ناکام ہو ہی چکا تھا، لیکن قریب دس منٹ میں فرانس کے کیے گئے تین گولز کے بعد میں ان کے اسٹرائیکر بھی فرانسیسی گول پر حملہ آور ہونے میں کچھ زیادہ کامیاب نہ رہے۔

نوے منٹ مکمل ہو گئے اور دو کے مقابلے میں چار گول کے ساتھ فرانس کی جیت یقینی تھی۔ لیکن ابھی اس کھیل میں ایک اور موڑ باقی تھا۔ انجری ٹائم میں چار منٹ دیے گئے جس کے تیسرے منٹ میں ارجنٹائن کے سرجیو اگوئیرو نے گول کر دیا۔ فرانس چار، ارجنٹائن تین گول اور ابھی ایک منٹ باقی تھا۔ ان آخری لمحات میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے مابین تلخی بھی دیکھی گئی۔ آخری چند سیکنڈز کے اندر ارجنٹائن نے حملہ تو کیا لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ یوں یہ میچ فرانس نے جیت لیا

ش ح/ ع س (ڈی پی اے، اے ایف پی)

جرمنی کی شکست: عوام مایوس، تبدیلیاں متوقع