1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا پر الزامات کی آزاد ذرائع سے تحقیق ہونی چاہیے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

16 اگست 2011

بدعنوانی پر نظر رکھنی والی بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے مطالبہ کیا ہے کہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا میں بدعنوانی کے حوالے سے تحقیقات کا ایک آزاد گروپ جائزہ لے۔

https://p.dw.com/p/12HRP

برلن میں قائم ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی طرف سے کئی ایک دیگر مطالبات کے علاوہ اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ فیفا کے اعلیٰ عہدیداروں کی تعیناتی کی مدت کو نہ صرف محدود کیا جائے بلکہ انہیں اپنی آمدنی کے ذرائع کے بارے میں بتانے کا بھی پابند بنایا جائے۔

کرپشن پر نظر رکھنے والی اس تنظیم کے مطابق فیفا میں جامع اصلاحات کا جائزہ ایک ایسے گروپ کو لینا چاہیے، جو اس تنظیم سے تعلق نہ رکھتا ہو۔ ٹرانسپیرنسی کے مطابق یہ گروپ سینیئر ریاستی حکام، اسپانسرز، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے علاوہ فٹبال فیڈریشنز، کلبز، پروفیشنل لیگز، کھلاڑیوں، خواتین فٹبال ریفریوں اور سپورٹرز پر مبنی ہونا چاہیے۔

ٹرانسپیرنسی کی طرف سے آٹھ صفحات پر مشتمل یہ تجاویز فیفا کو پیش کی گئی ہیں
ٹرانسپیرنسی کی طرف سے آٹھ صفحات پر مشتمل یہ تجاویز فیفا کو پیش کی گئی ہیں

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق :’’ تجویز کردہ گروپ بدعنوانی کے موجودہ الزامات کی آزاد تحقیقات کا بھی جائزہ لے۔ یہ گروپ فیفا کے معاملات زیادہ بہتر طور پر چلانے کے لیے نئے طریقہ ہائے کار بھی وضع کرے، جس میں فیفا کے اعلیٰ عہدوں کی مدت محدود کرنے، مفادات کے تصادم کی پالیسی اختیار کرنے اور اہم فیصلے کرنے والی کمیٹیوں میں غیر جانبدار افراد کی شمولیت جیسے اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔‘‘

ٹرانسپیرنسی کی طرف سے یہ تجاویز آٹھ صفحات پر مشتمل ایک دستاویز کی صورت میں فیفا کو پیش کی گئی ہیں۔ فیفا کے مطابق ان تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے اور ان میں سے بہت سے اقدامات پہلے ہی کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی کی تجاویز بھی فیفا 2011ء کانگریس کے دوران منظور کی جا چکی ہیں اور ان پر عملدرآمد اگلے چند میں شروع ہو جائے گا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں