1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیلڈنگ کے دوران کھلاڑی ٹکرا گئے، بیس سالہ کرکٹر ہلاک

مقبول ملک20 اپریل 2015

بھارتی کرکٹ کو آج پیر بیس اپریل کے روز اس وقت ایک المناک سانحے کا سامنا کرنا پڑا جب مشرقی شہر کولکتہ میں ایک کلب میچ کے دوران دوکھلاڑیوں کے آپس میں ٹکرا جانے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا ایک بیس سالہ کرکٹر انتقال کر گیا۔

https://p.dw.com/p/1FAwf
تصویر: AP

ممبئی سے موصولہ نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق کرکٹ کے کھیل کو محض چند مہینوں کے دوران دوسری مرتبہ کسی آن فیلڈ کھلاڑی کی موت برداشت کرنا پڑی ہے۔ ابھی قریب چار ماہ قبل ہی آسٹریلیا کے ٹیسٹ کرکٹر فیلپ ہیوز ایک میچ کے دوران ایک باؤنسر گردن پر لگنے کے نتیجے میں انتقال کر گئے تھے۔

اب اس کھیل کے دوران رونما ہونے والے ایک ناقابل یقین سانحے کے نتیجے میں 20 سالہ بھارتی کرکٹر انکِت کیشری موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔ انکِت کیشری ریاست مغربی بنگال کی انیس سال سے کم عمر کے کھلاڑیوں کی ٹیم کے سابق کپتان تھے اور وہ کولکتہ کے ایک ہسپتال میں تین روز تک موت سے جنگ کرتے رہے لیکن پھر زندگی ہار گئی اور موت جیت گئی۔

بھارتی ریاست مغربی بنگال کی اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکرٹری سُوبیر گنگولی نے آج پیر کے روز روئٹرز کو بتایا، ’’انکِت کی موت بہت بڑا المیہ ہے۔ وہ بہت ہی شاندار کھلاڑی تھے۔ ان کا اس طرح انتقال کر جانا سمجھ میں نہ آنے والی بات ہے۔‘‘

Phillip Hughes Cricketspieler ARCHIVBILD 2011
گزشتہ نومبر میں آسٹریلین کرکٹر فیلپ ہیوز بھی ایک المناک واقعے کے نتیجے میں 25 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھےتصویر: Reuters/D. Liyanawatte

انکِت کیشری دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بیٹسمین اور ایک لیگ اسپن باؤلر تھے۔ وہ میدان میں ایک دوسرے کھلاڑی کی جگہ فیلڈنگ کر رہے تھے کہ ایک اونچا کیچ لینے کی کوشش میں ان کی ایک دوسرے فیلڈر کے ساتھ زور دار ٹکر ہو گئی تھی۔

اس حادثے کے فوراﹰ بعد کیشری بے ہوش ہو گئے تھے اور ان کی کلب ٹیم کے ایک ساتھی کھلاڑی نے میدان میں ہی انہیں ہوش میں لانے کی کوشش کی تھی۔ پھر اس نوجوان کھلاڑی کو بلاتاخیر ہسپتال پہنچا دیا گیا تھا اور تب وہ سانس لے رہے تھے۔

ڈاکٹروں کے مطابق انکِت کیشری کی حالت ہسپتال میں قدرے سنبھل گئی تھی لیکن اتوار اور پیر کی درمیانی رات ان کے دل نے کام کرنا بند کر دیا۔ مغربی بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے بیان کے مطابق ڈاکٹروں نے آج پیر کی صبح کیشری کے انتقال کی تصدیق کر دی۔

اس سے قبل گزشتہ نومبر میں آسٹریلین کرکٹر فیلپ ہیوز بھی ایک المناک واقعے کے نتیجے میں 25 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ انہیں ایک میچ کے دوران ایک باؤنسر گردن پر لگا تھا جس کے بعد وہ بے ہوش ہو گئے تھے اور پھر دو روز بعد ان کا ہسپتال میں انتقال ہو گیا تھا۔