فیٹیل نے ملائشین گراں پری جیت لی
11 اپریل 2011اتوار کے روز ہونے والی اس ریس میں فیٹل نے میکلارن ٹیم کے جینسن بٹن کو تین اعشاریہ دو سیکنڈ سے مات دی۔ رینالٹ کے نِک ہائیڈ فیلڈ تیسرے نمبر پر رہے۔
23 سالہ فیٹل کی جیت ریس کے آغاز سے ہی یقینی تھی۔ ریڈ بُل کے یہ جرمن ڈرائیور اس سے قبل آسٹریلیا میں جیتے تھے۔ انہوں نے اتوار کی ریس کے بعد کہا، ’میرے پاس شروع سے ہی ایک دو سیکنڈ کا وقت تھا، جس سے صورت حال کو قابو میں کیا جا سکتا تھا‘۔
انہوں نے مزید کہا، ’لیکن یہاں آسٹریلیا کی ریس کے مقابلے میں سب سے آگے موجود کھلاڑیوں کے درمیان فاصلہ بہت کم رہ گیا تھا۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حالات کس قدر تیزی سے بدل سکتے ہیں‘۔
فیٹل فارمولا وَن کے ڈرائیوروں میں پہلے نمبر پر ہیں اور اس ریس میں جیت سے ان کے پوائنٹس پچاس ہو گئے ہیں۔ بٹن چھبیس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ ہیملٹن چوبیس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
بٹن نے بعدازاں کہا، ’ایک طرح سے یہ کچھ سمجھ میں نہ آنے والی ریس تھی۔ میں نتائج سے خوش ہوں‘۔
ریڈ بُل کے مارک ویبر کے لیے ریس کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا تھا، تاہم جیسے جیسے ریس آگے بڑھی، ان کی کارکردگی بہتر ہوتی گئی۔ یوں وہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ فیررای کے فیلیپے ماسا پانچویں نمبر پر رہے۔
فیراری ہی کے فرنانڈو الونسو چھٹے نمبر پر جبکہ میکلارن کے لوئیس ہیملٹن ساتویں نمبر پر رہے۔
رپورٹ: ندیم گِل/ خبر رساں ادارے
ادارت: امجد علی