1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قذافی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں، فراتینی

16 مئی 2011

اقوام متحدہ کی جنگی جرائم کی عدالت کے چیف پراسیکیوٹر نے کہا کہ وہ انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں لیبیا کے رہنما معمر قذافی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کی درخواست دیں گے۔

https://p.dw.com/p/11HDN
تصویر: picture-alliance/dpa

جنگی جرائم کی عدالت کے چیف پراسیکیوٹر لوئس مورینو اوکامپو نے پیر کو ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ معمر قذافی ان کے بیٹے سیف الاسلام اور ملکی خفیہ ادارے کے سربراہ کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے جائیں۔ دی ہیگ میں، جہاں بین الاقوامی فوجداری عدالت قائم ہے مورینو اوکامپو نے کہا کہ اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ لیبیا میں معصوم شہریوں پرحملوں کا حکم معمر قذافی نے ذاتی طور پر دیا تھا۔

اب اس بارے میں فیصلہ بین الاقوامی فوجداری عدالت ICC کے ججوں کا ایک پینل کرے گا کہ آیا قذافی اور ان کے قریبی ساتھیوں کے خلاف وارنٹ جاری کرنے کی درخواست منظور کی جائے یا اسے مسترد کر دیا جائے۔

مورینو اوکامپو نے مارچ کے مہینے میں اعلان کیا تھا وہ لیبیا میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران وہاں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کی تحقیقات کریں گے۔ تب انہوں نے جن آٹھ افراد کے خلاف تحقیقات کا اعلان کیا تھا، ان میں معمر قذافی اور ان کے تین بیٹے بھی شامل تھے۔

Franco Frattini
اطالوی وزیر خارجہ فرانکو فراتینیتصویر: picture-alliance /dpa

اسی دوران لیبیا کے بارے میں روم سے موصولہ رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ قذافی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ اطالوی وزیر خارجہ فرانکو فراتینی نے آج پیر کو چینل فائیو نامی ٹیلی وژن کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ طرابلس میں قذافی انتظامیہ اب چند دنوں کی مہمان ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیبیا کی حکومت کے کئی ارکان اب ایسے امکانات کی تلاش میں ہیں، جن پر عمل کر کے قذافی بیرون ملک جلا وطنی اختیار کر سکیں۔ فرانکو فراتینی نے کہا کہ لیبیا کی حکومت میں ایسے پیغامات بہت محدود لیکن قذافی کے قریبی حلقوں کی طرف سے مل رہے ہیں۔

لیبیا کے بارے میں ماسکو سے ملنے والی رپورٹوں میں روسی وزیر خارجہ کے اس بیان کا حوالہ دیا گیا ہے کہ ماسکو لیبیا کے باغیوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے آج کہا کہ لیبیا کے باغیوں کے ایک وفد نے ماسکو کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن بعد میں تکنیکی وجوہات کی بنا پر یہ دورہ منسوخ کر دیا گیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ لیبیا کے باغیوں کا یہ وفد جلد ہی ماسکو کا دورہ کر سکے گا۔ سرگئی لاوروف آج پیر ہی کو لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے عبداللہ الخطیب کے ساتھ مذاکرات بھی کرنے والے ہیں۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں