1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قطر: پہلے عام انتخابات دو اکتوبر کو، خواتین امیدوار بہت کم

1 اکتوبر 2021

قطر کی 45 نشستوں والی شوریٰ کونسل میں 30 اراکین کے انتخاب کے لیے ہفتہ دو اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ بقیہ 15 اراکین کو امیر قطر خود نامزد کریں گے۔ خواتین امیدوار بہت کم تعداد میں الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/417cB
Symbolbild I Wahlen in Katar
تصویر: Mohamed Farag/AA/picture alliance

قطری عوام اپنے پہلی شوری کونسل کے انتخابات کے لیے سنیچر دو اکتوبر کو ووٹ ڈالیں گے۔ خلیج، جہاں کے بیشتر ملکوں میں شہنشایت ہے، قطر کے اس انتخاب کو ایک علامتی جمہوری قدم سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ منتخب شوری کونسل کے پاس محدود اختیارات ہوں گے۔ ماضی میں شوری کونسل کی تقرری امیر قطر خود کرتے تھے اور اس کے اختیارات صرف مشاورت تک محدود تھے۔

ووٹنگ کا عمل ہفتے کے روز صبح آٹھ بجے شروع ہوگا جبکہ شام تک شوری کونسل کے لیے منتخب اراکین کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔

قطر کے شہروں میں مختلف مقامات پر پوسٹر دیکھے جاسکتے ہیں جن میں امیدواروں نے لوگوں سے اپنے حق میں ووٹ دینے کی اپیلیں کی ہیں۔ امیدواروں نے ٹاون ہال میٹنگیں بھی کیں اور ٹی وی پر اشتہارات بھی دیے۔ تاہم سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ چونکہ یہ پہلا الیکشن ہے اس لیے کسی حکومت کی تبدیلی یا کسی سیاسی پارٹی کے خلاف مہم دیکھنے کو نہیں ملی۔

Infografik Karte Qatar - Shura Council elections 2021 EN

جمہوریت کے حوالے سے ایک اہم قدم

مبصرین کا کہنا ہے کہ قطر کے انتخابات خلیج میں جمہوریت کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے کیونکہ بیشتر ملکوں میں بادشاہت ہے اور کویت واحد ملک ہے جہاں ایک مکمل منتخب پارلیمان ہے۔

مبصرین کا یہ بھی خیال ہے کہ قطر نے شوری کے انتخابات کا فیصلہ اس لیے بھی کیا ہے کیونکہ وہ اگلے برس فٹ بال عالمی کپ کی میزبانی کرے گا۔

قطر نے سن 2007 میں شوریٰ کونسل کے انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا تاہم ووٹنگ ملتوی ہوتی رہی۔

تھنک ٹینک مینا انالیٹیکا کے چیف ایگزیکیوٹیو آندریس کریگ کا کہنا تھا،”یہ سمجھنا اہم ہے کہ اس کا مقصد ایک آئینی شہنشایت قائم کرنا نہیں ہے بلکہ سماج میں اپنی شراکت داری میں اضافہ کرنا ہے۔"

قطر میں تارکین وطن کے لیے کم از کم اجرت کا نیا قانون نافذ

شوریٰ کو قوانین کی تجویز پیش کرنے، بجٹ منظور کرنے اور وزیروں کو واپس بلانے کی اجازت ہوگی۔ لیکن دنیا کے قدرتی گیس ایکسپورٹ کرنے والے سب سے بڑے ملک، قطر، کے امیر کو کسی بھی فیصلے پر ویٹو کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

قطر میں پہلے میونسپل انتخابات 1999میں ہوئے تھے۔

Katar Die neuen Hochhäuser der Innenstadt von Doha
تصویر: Picture alliance/AP Photo/K. Jebreili

خواتین امیدواروں کی تعداد بہت کم

قطر کی 25 لاکھ آبادی میں بیشتر غیر ملکی ہیں اور انہیں ووٹ دینے کا حق نہیں ہوگا۔ صرف ایسے امیدواروں کو ہی الیکشن میں حصہ لینے کا اختیار دیا گیا ہے جن کا خاندان یا قبیلہ سن 1930کی دہائی سے وہاں آباد ہے۔

شوریٰ کونسل کی 30 نشستوں کے لیے 284 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں خواتین کی تعداد صرف 28 ہے۔

مبصرین کا خیال ہے کہ امیر کویت شوریٰ کونسل میں 15 اراکین کو مقرر کرنے کے اپنے خصوصی اختیارات کے تحت خواتین کی مناسب نمائندگی فراہم کریں گے تاکہ کونسل میں صنفی توازن کو بہتر بنایا جاسکے۔

Wahlen in Qatar
تصویر: AP

انٹرنیشنل کرائسس گرو پ سے وابستہ معروف تجزیہ کار الہام فخرو کا کہنا تھا،”یہ انتہائی مثبت قدم ہے کہ خواتین بھی اس انتخابی عمل کا حصہ ہیں۔ تاہم میرے خیال میں یہ ہماری توقعات کے مطابق نہیں ہے کیونکہ صرف 28 خواتین ہی الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ لیکن یہ کوئی حیرت کی بات بھی نہیں ہے۔"

الہام فخرو نے مشورہ دیا کہ امیر قطر ”صنفی تناسب کو بہتر بنانے" کے لیے خواتین کو براہ راست نامزد کرسکتے ہیں۔

قطری تنازعہ ختم، خلیجی عرب رہنماؤں کے معاہدے پر دستخط

الیکشن میں ایک امیدوار لینا الدفاء کا کہنا تھا کہ اگر وہ منتخب ہوتی ہیں تو خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے، خواتین ٹیچروں کی مدد کرنے اور قطری خواتین کے بچوں کی شہریت جیسے امور کو حل کرانے کو ترجیح دیں گی۔

قطر میں ابھی شہریت بچوں کو صرف ان کے باپ کی نسبت سے ملتی ہے۔ یعنی اگر کوئی قطری خاتون کسی دوسرے ملک کے شہری سے شادی کرتی ہے تو اس کے بچے کو قطری شہریت نہیں ملے گی۔

 ج ا/ ص ز  (اے ایف پی)