لائبزش کُتب میلہ: غیر ملکی کتابوں کا جرمن ترجمہ
13 مارچ 2015جرمنی دنیا کی سب سے بڑی کتابوں کی منڈی ہے۔ اس یورپی ملک میں پڑھنے یا مطالعہ کرنے کو نیشنل اسپورٹس سمجھا جاتا ہے۔ ہر چار میں سے ایک سے زیادہ جرمن باشندے سال میں دس سے زیادہ کتاب کا مطالعہ کرتے ہیں۔
جرمن شہر لائپزش کا سالانہ کتب میلہ جمعرات بارہ مارچ سے شروع ہو گیا ہے۔ اس مرتبہ اس میلے میں دو ہزار دو سو سے زائد نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں۔
مارچ کا مہینہ جرمن صوبے سیکسنی کے خوبصورت تاریخی شہر لائبزش کے لیے ادبی سرگرمیوں، پڑھنے پڑھانے اور سُخنرانی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ موسم بہار کی نوید دیتے ہوئے فکر و ادب کے رنگوں اور خوشبوؤں سے اذہان کو تر و تازہ کرنے والا عالمی میلہ ’ لائپزش کا کتب میلہ‘ ہر سال دنیا بھر کے میڈیا، مصنفین، قارئین اور ناشرین کو ایک انوکھا موقع فراہم کرتا ہے فکری اور جبّلی تخلیقات کے تبادلے کا۔
اس بار جمعرات سے شروع ہو کر اتوار تک جاری رہنے والے اس کتب میلے کا آغاز لائپزش بُک میلے کے مشہور زمانہ پرائز یا انعام کی تقسیم سے ہو رہا ہے۔ یہ انعام تین مختلف کیٹیگری کی تصانیف میں تقسیم کیا جائے گا۔ ان میں فکشن، نان فکشن اور ترجمہ نویسی کے شعبے شامل ہیں اور یہ انعام مجموعی طور پر تقریباﹰ پچاس لاکھ روپےکی شکل میں دیا جائے گا۔
اس بار کے کتب میلے کی خصوصیات
جمعرات کوکتب میلے کے پہلے دن جرمنی کے چند چوٹی کے سیاستدان بھی شرکت کریں گے۔ ان میں سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی ایس پی ڈی کے سیاستدان اور گزشتہ انتخابات میں چانسلر کے عہدے کے امیدوار پئیر اشٹائن بروک بھی شریک ہو رہے ہیں۔ اس چار روزہ کتب میلے کے دوران تین ہزار دو سو مختلف ادبی پروگراموں کا انعقاد ہوگا۔
اس بار کے اس کتب میلے میں گرافک ناولز، تصویری کتب بمعہ میوزک سی ڈیز اور بچوں کے لیے سُن کر سیکھنے والی کتابوں ’آڈیو بُکس‘ کی نمائش کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ جرمنی کی ایک معروف فاؤنڈیشن ’لیزن‘ جس کا مطلب ہے پڑھنا، نے 30 نئی کتابیں متعارف کروائی ہیں، جو بچوں اور نوجوانوں کے لیے ہیں۔ اس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ’یورگ ماس‘ کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل شکل میں تیار کی جانے والی کتابیں بچوں کی غیر معمولی دلچسپی کا باعث بنتی ہیں۔ ایسی کتابوں کو تیار کرتے وقت اس امر کو اہمیت دی جانی چاہیے کہ والدین اور اساتذہ ان کا بہترین استعمال کس طرح کر سکتے ہیں۔
یورگ ماس کہتے ہیں کہ اگر ایک آڈیو بُک یا سُن کر پڑھنے والی ایک کتاب کسی بچے میں پڑھنے کا شوق بیدار کر دے تو اس کتاب کی تصنیف کا حق ادا اور مقصد پورا ہو جاتا ہے۔ وہ کہتے ہیں، ’’چھ سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے تصویری کتب بمعہ میوزک مکمل کہانی کی حیثیت رکھتی ہیں۔‘‘
جرمن باشندے پڑھتے ہیں
جرمنی دنیا کی سب سے بڑی کتابوں کی منڈی ہے۔ اس یورپی ملک میں پڑھنے یا مطالعہ کرنے کو نیشنل اسپورٹس سمجھا جاتا ہے۔ ہر چار میں سے ایک سے زیادہ جرمن باشندے سال میں دس سے زیادہ کتاب کا مطالعہ کرتے ہیں۔ اس بارے میں لائبزش کے کتب میلے کے آغاز سے پہلے ہی ایک سروے کی رپورٹ شائع ہوئی ہے۔
جرمنی کی زیر زمین ٹرینز یا سب ویز ہوں یا بسیں، ریستوران، کیفیز ہوں یا بس اڈے، ٹرین اسٹیشنز ہر جگہ چھوٹے بڑے ہر عمر کے افراد کسی نا کسی چیز کا مطالعہ کرتے یا پڑھتے نظر آتے ہیں۔ جرمنی ادباء اور فلسفیوں کا ملک ہے اور جرمن زبان کوئی عام اور سہل زبان بھی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جرمنی کے ادبی حلقوں میں کسی غیر زبان کی تصانیف کو مقبول بنانا کوئی آسان کام نہیں۔ تاہم جرمنی میں اب ایک نیا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے وہ یہ کہ اب غیر ملکی مصنفین کی کتب اور دیگر تصانیف کا جرمن زبان میں ترجمہ کیا جا رہا ہے اور مختلف کتب نمائش میں انہیں متعارف کروا کہ قارئین کو ان کتابوں کی طرف مائل کرنے کی کوشش کامیاب نظر آ رہی ہیں۔
اس بار کے لائبزش کتب میلے میں متعدد معروف امریکی، فرانسیسی اور برطانوی مصنفین کی کتابوں کا ترجمہ پیش کیا جا رہا ہے۔