1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کے دو سو برس، تندولکر اور وارن ایکشن میں

عاصم سليم6 فروری 2014

لندن کے تاريخی ميدان لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کے قيام کے دو سو برس مکمل ہونے کے موقع پر ايک خصوصی ميچ کا انعقاد کرايا جا رہا ہے، جِس ميں ميرلبون کرکٹ کلب کی ٹيم کی قيادت سچن تندولکر اور ورلڈ اليون کی قيادت شين وارن کريں گے۔

https://p.dw.com/p/1B3Qs
تصویر: AP

رواں برس پانچ جولائی کو ہونے والے اِس ميچ ميں لارڈز کرکٹ گراونڈ کی ملکیت رکھنے والا ميرلبون کرکٹ کلب اور ورلڈ اليون کی ٹيميں مد مقابل ہوں گی۔ یہ میچ لارڈز گراؤنڈ کی دو سوویں سالگرہ کے موقع پر کھیلا جائے گا۔ بدھ کے روز اِس بات کی تصديق کر دی گئی ہے کہ ميرلبون کرکٹ کلب کی قيادت کے فرائض گزشتہ برس ريٹائر ہونے والے بھارت کے مايہ ناز بلے باز سچن تندولکر کريں گے جبکہ اُن کے مد مقابل ورلڈ اليون کی ٹيم کی کپتانی تاريخ ساز آسٹريلوی ليگ اسپنر شين وارن سنبھاليں گے۔

کلب کی قيادت کی ذمہ داری سونپی جانا ايک اعزاز کی بات ہے، سچن تندولکر
کلب کی قيادت کی ذمہ داری سونپی جانا ايک اعزاز کی بات ہے، سچن تندولکرتصویر: Reuters

لندن سے موصولہ نيوز ايجنسی اے ايف پی کی رپورٹ کے مطابق ميرلبون کرکٹ کلب کی ٹيم ميں سچن تندولکر کے علاوہ ايک اور شاندار بھارتی کرکٹر راہول ڈراوڈ بھی شامل ہیں۔ ڈراوڈ نے 1996ء ميں اِسی ميدان پر اپنے ٹيسٹ کرکٹ کے آغاز پر 95 رنز کی اننگ کھيلی تھی۔ اسی ميچ ميں بھارت کے سابق کپتان اور بیٹسمین سارو گنگولی نے سینچری بنائی تھی۔

سچن تندولکر نے اِس میچ میں شرکت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتايا کہ وہ اِس ميچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہيں۔ اُنہوں نے اپنے بيان ميں مزيد کہا، ’’اتنے اہم ميچ ميں ميرلبون کرکٹ کلب کی قيادت کی ذمہ داری سونپی جانا ميرے ليے ايک اعزاز کی بات ہے اور ميں اِسے قبول کرتے ہوئے بے انتہا خوش ہوں۔‘‘

دوسری جانب آسٹریلوی لیجنڈ شين وارن نے بھی ورلڈ اليون کی قيادت اور اِس ميچ ميں شرکت کرنے کی تصديق کرتے ہوئے کہا کہ اُنہيں يقين ہے کہ يہ ميچ پُر لطف رہے گا اور دنيائے کرکٹ کے سب سے مشہور کرکٹ گراؤنڈ کی دو سوويں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی تقريبات کا حصہ بننا اُن کے ليے خوشی کی بات ہے۔ ایم سی سی اور ورلڈ الیون کا میچ پچاس پچاس اوورز کا ہو گا۔

ميرلبون کرکٹ کلب کے صدر اور سابق انگلش بيٹسمين مائيک گيٹنگ نے آنے والے ہفتوں ميں دنيائے کرکٹ کے مزيد بڑے اور نامور کھلاڑیوں کا اعلان کریں گے جو دو سوویں سالگرہ کے خصوصی میچ میں شریک ہوں گے۔ ان نامور کھلاڑیوں کی شرکت کے حوالے سے تصدیق کا عمل جاری ہے۔

ميرلبون کرکٹ کلب کا قيام 1787ء ميں عمل ميں آيا تھا اور اُسے شہر کے شمال مغربی حصے ميں اُس کے موجودہ مقام پر 1814ء ميں منتقل کيا گيا تھا۔ يہ ميدان تھومس لارڈ نامی کاروباری شخص کا تھا اور يوں اِس کا نام لارڈز پڑ گيا۔ اگرچہ چاليس برس قبل ميرلبون کرکٹ کلب کا انگلستانی کرکٹ پر اختیار ختم ہو گیا تھا لیکن آج بھی کرکٹ کھیل کے قوانین کی نسبت اسی کلب یعنی ایم سی سی سے ہے۔