1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور: خود کش بم حملے میں آٹھ ہلاک

امجد علی17 فروری 2015

منگل کو پاکستان کے مشرقی شہر لاہور میں پولیس کے ایک ریجنل ہیڈکوارٹر پر ہونے والے بم حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ایک خود کش بم دھماکا تھا۔

https://p.dw.com/p/1Eck6
تصویر: Getty Images

یہ بم دھماکا لاہور کے وسط میں واقع پولیس لائنز کے اُس گیٹ پر ہوا جو قلعہ گوجر سنگھ کی طرف کھلتا ہے۔ دھماکے کے بعد فائرنگ کے تبادلے کا بھی بتایا گیا ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز نے ہلاکتوں کی تعداد کم از کم سات بتائی ہے۔ مقامی میڈیا ہلاکتوں کی تعداد آٹھ بیان کر رہا ہے۔ زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سارا علاقہ اب سکیورٹی اہلکاروں کے کنٹرول میں ہے۔ بعض ذرائع اِسے خود کُش حملہ بیان کر رہے ہیں۔ محکمہٴ پولیس نے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔ ہلاکتوں کی اطلاع طبی ذرائع سے حاصل کی گئی ہے۔

لاہور کی پولیس لائنز پر حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان کے ایک دھڑے جماعت الاحرار نے قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پولیس لائنز کے ساتھ ملحقہ قلعہ گوجر سنگھ ایک گنجان آبادی کا علاقہ ہے۔ دھماکے کی زور دار آواز دور دور تک سنی گئی۔ قریبی گھروں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ مقامی ٹیلی وژن کی فوٹیج میں پولیس لائنز کے اندر کئی گاڑیوں میں لگی آگ بھی دیکھی گئی ہے۔ قلعہ گوجر سنگھ کے مین بازار میں کئی موٹر سائیکل بھی تباہ ہو گئے۔

حملے کے بعد کی صورت حال ابھی بھی واضح نہیں ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس کے اہلکاروں نے یہ بھی بتایا ہے کہ بم دھماکے کے بعد فائرنگ پولیس کی جانب سے کی گئی تھی۔