1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تجارتیورپ

 لفتھانزا کا ہزاروں پروازیں منسوخ کرنے کا منصوبہ 

24 دسمبر 2021

جرمن ایئر لائن لفتھانزا نے اومیکرون ویرینٹ کے دوران مانگ میں کمی کے سبب موسم سرما کی اپنی مقررہ پروازوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایئر لائن کو چھٹیوں کے دوران بیماری میں مبتلا پائلٹوں کے مسئلے کا بھی سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/44na9
Lufthansa
تصویر: Daniel Kubirski/picture alliance

جرمن ایئر لائن لفتھانزا نے موسم سرما کی اپنے مقررہ فلائٹس میں سے 33 ہزار پروازوں کو منسوخ  کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، یعنی اس کے مجموعی پلان کی تقریباً دس فیصد پروازیں منسوخ کرنی پڑیں گی۔

 ایئر لائن کے سی ای او کارسٹین اسپوہر نے فرینکفرٹ کے ایک مقامی اخبار سے بات چیت میں کہا کہ ٹکٹ کی بکنگ میں شدید مندی دیکھی گئی ہے، خاص طور پر وسط جنوری سے فروری کے درمیان کی مدت میں ٹکٹ کی خرید بہت ہی کم ہے۔

ان کا کہنا تھا، "سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم جرمنی، سوئٹزر لینڈ، آسٹریا اور بیلجیئم کے اپنے گھریلو بازاروں میں مسافروں کی کمی محسوس کر رہے ہیں، کیونکہ یہ ممالک وبائی لہر سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔"

اسپوہر کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا کی لہر سے پہلے 2019 کے مقابلے میں صرف 60 فیصد پروازیں ہی چل رہی ہیں اور اس کے توازن میں ابھی تک "تقریبا نصف" مسافر ہی سفر کرتے رہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لفتھانزا اس وقت اپنی موجودہ طے شدہ سروسز اس لیے نہیں فراہم کر رہی ہے کہ اس کی اتنی زیادہ مانگ ہے بلکہ اس لیے کہ اہم ہوائی اڈوں پر ٹیک آف اور لینڈنگ کے اپنے سلاٹ محفوظ رکھنے کے لیے اتنی تعداد میں پروازوں کا چلانا اس کے لیے ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا، "جنوری میں مانگ کم ہونے کی وجہ سے، ہم نے کافی زیادہ پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ لیکن سردیوں میں اپنے ٹیک آف اور لینڈنگ کے حقوق کو محفوظ بنانے کے لیے ہمیں 18,000 غیر ضروری اور اضافی پروازیں کرنی ہوں گی۔"

Lufthansa
تصویر: Daniel Kubirski/picture alliance

لفتھانزا یورپ کا سب سے بڑا ایئر لائن گروپ ہے، جس میں یورو ونگس، آسٹریئن، برسلز ایئر لائنز اور سوئز جیسی دیگر ایئر لائن کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ وبا کے دوران ایک بدترین دور کے بعد پہلی بار اس برس کی تیسری سہ ماہی میں اس ایئر لائن نے منافع درج کیا۔

بیمار پائلٹس کے سبب بھی پروازیں منسوخ

  کئی پائلٹوں کے بیمار ہونے کی وجہ سے بھی لفتھانزا کی بہت سی پروازیں متاثر ہوئی ہیں اور آئندہ دو ہفتوں کے دوران اس کی وجہ سے تقریبا ایک درجن پروازیں منسوخ کرنی پڑ رہی ہیں۔ اس کی وجہ سے خاص طور پر بوسٹن، ہیوسٹن اور واشنگٹن کے لیے اس کی فلائٹس منسوخ کرنی پڑی ہیں۔

کمپنی کے ایک سینیئر افسر نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے سے بات چیت میں کہا کہ ایسی صورت حال کے لیے پہلے سے ایک حکمت عملی تیار کی گئی تھی تاہم، "جس بڑے پیمانے پر بیماریوں کا سامنا ہے اس کے پیش نظر یہ کافی نہیں ثابت ہوئی۔"  تاہم حکام نے اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی کہ متاثرہ پائلٹ عام کووڈ وائرس سے متاثر ہیں یا پھر اومیکرون سے۔ کمپنی کے مطابق اتنے زیادہ ملازمین کو ایک ساتھ قرنطینہ کرنا بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق کرسمس کے موقع پر امریکا کی یونائٹیڈ اور ڈیلٹا ایئر لائنز جیسی کمپنیوں کے بھی پائلٹ اور دیگر اسٹاف کے اومیکرون سے متاثر ہونے کے سبب 90 سے 120 پراوازیں منسوخ کرنی پڑی ہیں۔ دنیا کے بعض دیگر ممالک میں بھی کرسمس جیسے سیزن  کے موقع پر مانگ میں کمی کے سبب پروازوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

ص ز/ ع ب (ڈی پی اے، اے ایف پی، روئٹرز)


لفتھانزا کے تکنیکی مرکز میں کیسے کام کیا جاتا ہے ؟

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں