لیونل میسی کی ’ٹیکس فراڈ‘ کے مقدمے میں پیشی
28 ستمبر 2013جمعے کے روز اسپین کے ساحلی شہر بارسلونا کے نواحی علاقے جاوا (Gava) کی عدالت میں جب ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی پیش ہوئے تو عدالت کے باہر ان کے شائقین، فوٹو گرافر اور صحافی بھی موجود تھے۔ میسی جاوا ٹاؤن کی عدالت میں تقریباً نصف گھنٹہ موجود رہے۔ اس دوران جج نے ان سے مختلف سوالات کیے۔ میسی کے بعد عدالت نے ان کے والد سے بھی پوچھ گچھ کی۔
میسی کے خلاف مبینہ ٹیکس فراڈ کا الزام صوبائی استغاثہ کی جانب سے رواں برس کے مہینے جون میں لگایا گیا تھا۔ استغاثہ نے اس مناسبت سے ایک شکایت عدالت میں جمع کروائی تھی۔
مکمل تعاون کی یقین دہانی
عدالتی کارروائی کے بعد لیونل میسی خاموشی کے ساتھ روانہ ہو گئے۔ ان کے وکیل کرسٹوبال مارٹل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک مختصر سا بیان جاری کیا۔ وکیل صفائی کے مطابق میسی اور ان کا خاندان اس معاملے میں شفافیت اور مکمل صفائی فراہم کرنے پر عمل پیرا ہے اور عدالت کے ساتھ مکمل تعاون کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ وکیل صفائی کے مطابق جمعے کی عدالتی کارروائی کے دوران بھی میسی خاندان نے طے کردہ اصولوں کو مدِ نظر رکھا۔ کرسٹوفر مارٹل کے مطابق یہ واضح ہے کہ ٹیکس چھپانے کے حوالے سے معمولی سا فعل کا بھی ارتکاب نہیں کیا گیا اور ٹیکس آفس کے ساتھ صورت حال کو نارمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ لیونل میسی کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ ان کے مؤکل کسی شدید قانونی پیچیدگی میں الجھنا نہیں چاہتے اور نہ ہی اپنی مرضی کے مطابق مروجہ ٹیکس ضوابط کی تشریح چاہتے ہیں۔
ٹیکس قوانین میں سختی
رواں برس کے ماہِ جُون میں جو شکایت درج کروائی گئی تھی، اس کے مطابق لیونل میسی سن 2007 سے لیکر سن 2009 تک چار ملین یورو کے برابر کا ٹیکس چھپانے کے مرتکب ہوئے ہیں۔ لیونل میسی کے والد نے گزشتہ ماہ کی چودہ تاریخ کو ٹیکس حکام کو پانچ ملین یورو سے زائد کے بقایاجات سود کے ساتھ ادا کیے تھے۔ جمعے کے روز عدالت نے اس پر غور کیا کہ کیا میسی کی جانب سے ٹیکس چھپانے کا عمل سرزد ہوا ہے یا نہیں اور ٹیکس کی ادائی میں کوئی غیر قانونی انداز تو نہیں اپنایا گیا۔ اس کارروائی کے بعد جج یہ تعین کریں گے کہ میسی کے خلاف باقاعدہ مقدمہ چلایا جائے یا شکایت کو خارج کر دیا جائے۔
ہسپانوی ٹیکس ضوابط کے مطابق اگر عدلت نے یہ محسوس کیا کہ شکایت میں درج برسوں کے دوران میسی نے دانستہ ٹیکس چھپانے کی کوشش کی ہے تو امکاناً سزا کے ساتھ ساتھ بقایا جات پر 150 فیصد جرمانہ بھی عائد ہو سکتا ہے۔ لیونل میسی اور ان کے والد مسلسل حکومتی استغاثہ کے الزامات کی تردید کرتے چلے آ رہے ہیں۔
میسی، نئی نسل کے بہترین کھلاڑی
بظاہر اس مقدمے کا لیونل میسی کے کھیل پر کوئی منفی اثر ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ عدالت میں بھی وہ نہایت مطمئن دکھائی دے رہے تھے۔ چھبیس سالہ لیونل میسی کو فٹ بال کھلاڑیوں کی نئی جنریشن کا بہترین فٹ بالر خیال کیا جاتا ہے۔
ادھر ارجنٹائن کے کوچ نے اگلے ماہ ہونے والے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچوں کے لیے میسی کو طلب کر لیا ہے۔