محمد عامر کی ’واہ واہ‘ ہو گئی
4 جولائی 2016پاکستانی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ باضابطہ طور پر شروع کر دیا ہے۔ دورے کا آغاز اتوار تین جولائی سے سمرسیٹ کی ٹیم کے خلاف سہ روزہ فرسٹ کلاس میچ سے ہوا ہے۔ پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 359 رنز بنائے تھے۔ اِس اسکور میں پاکستان کے سینیئر بیٹسمین یونس خان کی شاندار سنچری بھی شامل ہے۔ وہ گزشتہ روز کھیل ختم ہونے پر ننانوے کے اسکور پر کھیل رہے تھے۔ وہ 104 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود اور اسد شفیق نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ اسد شفیق نے 80 اور شان مسعود نے 62 رنز بنائے تھے۔
ٹاؤٹن میں کھیلے جانے والے سہ روزہ میچ کے دوسرے دن پاکستانی بالروں نے شاندار اور نپی تلی بالنگ سے سمرسیٹ ٹیم کو مشکلات سے دو چار کیے رکھا۔ سمرسیٹ کو اننگز کے آغاز پر ہی محمد عامر کی بالنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ اُس کے تجربہ کار اوپنر مارکوس ٹریسکوتھک محمد عامر کا شکار بن گئے۔ عامر نے کل تین وکٹیں لیں لیکن اُن کے ساتھ دوسرے بالروں نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔ سمرسیٹ کی ٹیم کو صرف 128 کے اسکور پر آؤٹ کر دیا گیا۔
عامر کے علاوہ سہیل خان نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔ راحت علی اور یاسر شاہ دو دو کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ محمد عامر نے تین وکٹیں گیارہ اوورز میں 36 رنز کے عوض حاصل کیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورے پر انگریز میڈیا خاص طور پر محمد عامر پر نگاہیں جمائے بیٹھا ہے۔ سمرسیٹ کی پہلی اننگز میں بالنگ کراتے ہوئے محمد عامر نے کوئی بھی نو بال نہیں پھینکی۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں عامر کو یقینی طور پر میدان میں آنے والے انگریز تماشائیوں کی جانب سے آوازیں کسنے کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بالر وسیم اکرم کے مطابق عامر کو ان سب باتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی بالنگ پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔
چار کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا پانچ روزہ ٹیسٹ میچ چودہ جولائی سے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ سن 2010 ہی میں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر ’بال فکسنگ‘ نے اس نوجوان بالر کے مستقبل پر تاریک بادل پھیلا دیے تھے۔ وہ پابندیوں سے اب آزاد ہو چکے ہیں۔ وسیم اکرم کے مطابق انگلش ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں محمد عامر کے ساتھ یاسر شاہ بھی اہم ثابت ہوں گے۔ لارڈز میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستانی ٹیم ایک اور سہ روزہ فرسٹ کلاس میچ سسکس کی ٹیم کے خلاف کھیلےگی۔