1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’مردے چور‘ گرفتار

9 نومبر 2011

کراچی میں پولیس حکام نے قبروں سے مردوں کی ہڈیاں نکال کر کالا جادو کرنے والوں کو بیچنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ یہ گرفتاری قبروں سے انسانی ہڈیاں چوری ہونے کی رپورٹوں کے بعد کی گئی۔

https://p.dw.com/p/137Dr
تصویر: picture-alliance/ dpa

پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق ان دونوں افراد کو کراچی کے قبرستان میں منگل کی شب ایک چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا۔ انہیں گلشنِ معمار کے قبرستان سے حراست میں لیا گیا۔

کراچی پولیس کے مطابق گڈاپ ٹاؤن کے قبرستان میں چالیس سے زائد قبروں کے کھودے جانے اور وہاں سے مردوں کی ہڈیاں یا جسم کے دوسرے حصے غائب ہونے کی شکایات پر اہل علاقہ کی طرف سے شدید احتجاج سامنے آیا تھا۔ ان شکایات کے بعد مختلف قبرستانوں میں سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے تھے۔

نام نہاد ’روحانی بابے کالے جادو کے ذریعے کینسرمختلف امراض کے علاج کے دعوے بھی کرتے ہیں
نام نہاد ’روحانی بابے کالے جادو کے ذریعے کینسرمختلف امراض کے علاج کے دعوے بھی کرتے ہیںتصویر: das fotoarchiv

ایک پاکستانی ٹیلی وژن چینل دنیا نیوز نے گرفتار کیے جانے والے افراد کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہ قبروں سے چوری شدہ انسانی ہڈیاں کالا جادو کرنے والوں کو فروخت کرتے تھے، جو بھاری رقوم کے عوض لوگوں کے لیے جادو ٹونہ کرتے ہیں۔

پاکستان میں جادو ٹونہ کرنے والے ’بابے‘ بکثرت موجود ہیں اور کمزور اعتقاد کے لوگ اپنے کام کرانے کے لیے ایسے جعلسازوں کو بڑی بڑی رقوم دے کر اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ نام نہاد ’روحانی بابے‘ تعویز گنڈے اور کالے جادو کے ذریعے مختلف امراض کے علاج کے دعوے بھی کرتے ہیں جن میں بے اولادی، کینسر، دل کے امراض سمیت ہر طرح کی بیماریاں شامل ہوتی ہیں۔ ایسے لوگ قسمت کی خرابی دور کرنے، امتحان میں کامیابی، پرائز بانڈ کے نمبر بتانے اور محبوب کا دل جیتنے میں کامیابی کے بھی دعویدار ہوتے ہیں۔

رپورٹ: افسر اعوان / خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک