1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصباح کی کپتانی کی واہ واہ

عدنان اسحاق5 نومبر 2015

پاکستان نے شارجہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ یاسر شاہ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

https://p.dw.com/p/1H0f4
تصویر: Tariq Saeed

پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 127 رنز سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی ہے۔ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ ان کی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آ گئی ہے ’’میرے خیال میں ہمارا سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ اب ہم بیرون ملک کیسا کھیلتے ہیں اور ہمیں اس کے لیے خود کو بہتر طریقے سے تیار کرنا ہو گا‘‘۔

پاکستانی ٹیم اگلے برس جولائی میں انگلینڈ کا دورہ کر رہی ہے، جس کے بعد گرین شرٹس نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا دورہ کریں گے۔ مصباح نے مزید کہا ’’ہم نے انگلینڈ کے خلاف ایک بڑی اور تسلی بخش فتح حاصل کی ہے۔‘‘ اپنے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے ان کے پاس ابھی وقت ہے۔

تیسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 284 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے سب سے زیادہ 151رنز بنائے جبکہ اسد شفیق 46 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ یاسر شاہ کو ان کی سات وکٹوں کی وجہ سے سیریز کا بہترین کھلاڑی جبکہ محمد حفیظ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

VAE Cricketspieler Younis Khan in Abu Dhabi
یونس خان کو انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا ہےتصویر: Getty Images/G. Copley

انگلش ٹیم کے کپتان الیسٹر کک نے اسے ایک مشکل دورہ قرار دیا ’’ہماری دوسری بہترین کارکردگی رہی۔ یہ ہمارے لیے مشکل اور آزمائشی حالات تھے اور ہم اپنا ہدف حاصل نہیں کر سکے۔‘‘ کک اپنے 63 رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کی جانب سے سرفہرست بلے باز رہے۔ کک نے مزید کہا کہ انگلینڈ کے پاس پاکستان جیسے معیاری اسپنرز نہیں ہیں۔ ’’ ہم پاکستانی ٹیم پر دباؤ ڈالنے میں کامیاب نہیں ہو سکے‘‘۔

پاکستان کے 28 ٹیسٹ میچوں 2977 پوائنٹس ہیں اور ریٹنگ 106 ہو گئی ہے۔ آسٹریلیا کی ریٹنگ بھی 106 ہے اور وہ تیسرے نمبر آ گیا ہے۔ اس فہرست میں جنوبی افریقہ 125 کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ جبکہ اس سیریز میں شکست کے بعد انگلینڈ کی ٹیم چھٹے نمبر پر چلی گئی ہے۔

دوسری جانب یونس خان کو انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید کے مطابق ’’یونس خان کی موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مڈل آرڈر مستحکم ہو‘‘۔ گزشتہ عالمی کپ کے تین میچوں میں خراب کارکردگی کے بعد یونس خان کو ون ڈے میچوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین اب چار ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے اور اس کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی مقابلے بھی ہوں گے۔