1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی کے لڑکے نے ’کرکٹ کی نئی تاریخ‘ رقم کر دی

عاطف توقیر7 جنوری 2016

ممبئی کے ایک پندرہ سالہ لڑکے نے ایک اننگ میں ایک ہزار نو رنز بنا کر ایک ریکارڈ بنا دیا ہے۔ دنیا کرکٹ میں یہ حیرت انگیز ریکارڈ ساز کھلاڑی اس اسکور پر بھی ناٹ آؤٹ رہا۔

https://p.dw.com/p/1HZtZ
Indien Pranav Dhanawade
تصویر: picture alliance/AP Photo

رنز کے پہاڑکی اس اننگزز میں پندرہ سالہ پرانو دھناواد نے ایک بولر کے چھ اووروں میں 142 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔ رواں ہفتے کے آغاز پر اس غیرمعمولی اننگز نے 114 برس پرانے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔

اس میچ کی کوالٹی پر کئی طرح سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ حریف ٹیم انتہائی کمزور تھی، جس میں کچھ بچوں کی عمریں 12 برس تھیں اور ان میں سے کچھ تو پہلی مرتبہ ’ہارڈ بال‘ یا’سخت گیند‘ سے کھیل رہے تھے۔ اس کے علاوہ اس میچ میں اس لڑکے کے 21 کیچیز بھی چھوڑے گئے، جب کہ باؤنڈری کا حجم تیس میٹر تھا۔

تاہم بھارتی کرکٹ حکام کا کہنا ہے کہ اس بابت شکوک و شبہات پیدا کر کے کرکٹ کی تاریخ کے اس انمول واقعے کو پس پشت نہیں ڈالنا چاہیے، کیوں کہ دھناواد نے واقعی ایک تاریخ رقم کی ہے۔

بھارتی کرکٹ کالم نگار ایاز میمن نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات چیت میں کہا، ’’آپ کو یہ بات تسلیم کرنا ہو گی، کہ یہ اس لڑکے کی غیرمعمولی کارکردگی ہے۔‘‘

Indien Pranav Dhanawade
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Solanki

میمن نے مزید کہا، ’’حریف ٹیم کا معیار اور میدان کا رقبہ کچھ بھی ہو، مگر حقیقت یہ ہے کہ جب آپ 150 یا 200 رنز بنا لیتے ہیں تو وکٹ گر جانے کا خیال آپ کے ذہن میں ہوتا ہے۔ مگر ایک ہزار رنز تک کھیلتے رہنا، ایک طرف تو زبردست جسمانی کاوش سے ممکن ہے، مگر دوسری جانب اس کے لیے ذہنی تیاری بھی درکار ہوتی ہے۔‘‘

اس صحافی کا کہنا تھا کہ باؤنڈری تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک سی تھی، اس لیے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ میدان چھوٹا ہونے کہ وجہ سے اس لڑکے نے اتنے رنز بنا لیے۔

اس نوجوان نے آرتھر کولِنز کا انگلینڈ میں سن 1899ء میں 628 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ دنیائے کرکٹ میں کسی کھلاڑی کو ’فور ڈیجیٹ رنز‘ کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ اس نوجوان نے یہ رنز 395 منٹ پر محیط اپنی اننگز میں بنائے۔

اس میچ میں کے سی گاندھی ہائی اسکول نے 1465 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔