موت کے بعد بھی انسان اور پالتو جانور ’ساتھ ساتھ‘
20 دسمبر 2011اس امریکی ریاست کے حکام نے اس حوالے سے قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق کسی شخص کے مرنے کے بعد اس کے جسم کی راکھ کو اس کے پالتو جانوروں کے ساتھ جانوروں ہی کے قبرستان میں دفنایا جا سکتا ہے۔ رہونا لیوی اس حوالے سے کافی پرجوش ہیں اور کہتی ہیں کہ آخر ان کی دیرینہ خواہش کی تکمیل ہوئی ہے اور اب ان کی موت کے بعد ان کی راکھ کو نیو یارک کے مضافات میں واقع جانوروں کے ایک قبرستان میں ان کے ایک پالتو کتے اور چار بلیوں کے ساتھ ہی دفن کر دیا جائےگا اور اس طرح وہ مرنے کے بعد بھی ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ وہ کہتی ہیں کہ یہ ان کی زندگی کے بہترین لمحات ہیں۔
تاہم انسانی جسم کی راکھ کو جانوروں کے قبرستان میں دفن کرنے کے لیے وضع کیے گئے قواعد و ضوابط میں کچھ شرائط بھی رکھی گئی ہیں۔ جانوروں کے قبرستان کی انتظامیہ اس سلسلے میں کسی قسم کی تشہیر نہیں کر سکتی کہ وہ انسانی جسم کی راکھ کو دفناتے ہیں اور نہ ہی انتظامیہ کی جانب سے اس عمل کا کوئی معاوضہ طلب کیا جائےگا۔ انتظامیہ صارفین کو تدفین کے بعد انسانی راکھ کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور اس حوالے سے مرتب کیے جانے والے اعداد و شمار بتانے کے بارے میں پابند ہو گی۔
نیویارک کے مضافات میں واقع 115 سالہ قدیم جانوروں کے قبرستان ہارٹسڈیل میں 1925ء سے انسانی راکھ کو بھی ان کے پالتوجانوروں کے ساتھ دفن کیا جا رہا ہے اور ایک اندازے کے مطابق وہاں ستّر ہزار جانوروں کے ساتھ سات سو افراد بھی دفن ہیں۔ تاہم رواں برس آٹھ فروری کو انتظامیہ نے اس عمل پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اس سے تین روز قبل ہی خبر رساں ادارے اے پی نے قبرستان کے حوالے سے ایک رپورٹ میں یہ انکشاف کیا تھا کہ جانوروں کے اس قبرستان میں انسانی راکھ کے دفن کرنے کی شرح پورے ملک میں سب سے زیادہ ہے۔
بعد ازاں لوگوں نے انتظامیہ کے اس فیصلے پرغم و غصے کا اظہار کیا اور خصوصی طور پر ان افراد کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا جنہوں نے اپنی تدفین کے انتظامات پہلے ہی سے مکمل کر رکھے تھے۔تاہم بعد میں حکام اور قبرستان انتظامیہ کے درمیان معاملات طے پا گئے اور اس حوالے سے مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط بھی کیے گئے اور یہ طے پایا کہ قبرستان انتظامیہ کی جانب سے انسانی راکھ کی فوری تدفین کو یقینی بنایا جائے گا۔
ٹیلر یارک کے انکل تھامس رائن کا انتقال رواں برس اپریل میں ہو گیا تھا اور ان کی خواہش تھی کہ انہیں ان کی اہلیہ اور دو پالتو کتوں کے ساتھ دفن کر دیا جائے۔ تھامس رائن نے اپنی موت سے قبل اس حوالے سے سارے انتظامات بھی مکمل کیے ہوئے تھے لیکن انتظامیہ کی جانب سے پابندی عائد کیے جانے کے بعد ایسا ممکن نہیں ہو سکا تھا۔ ٹیلر یارک کا کہنا ہے کہ اب انتظامیہ کی جانب سے پابندی کے خاتمے کے بعد ان کے انکل کی دیرینہ خواہش پوری ہو جائے گی۔
رپورٹ: شاہد افراز خان
ادارت: ندیم گِل