1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مودی کا نیو یارک میں تاریخی عوامی خطاب

عاطف بلوچ29 ستمبر 2014

مودی نے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں تاریخی خطاب میں بھارتی نژاد امریکی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی ترقی کی تحریک میں شامل ہو جائیں۔ انہوں نےعہد کیا کہ وہ اپنی قوم کو ایک مضبوط طاقت بنانے کے لیے انتھک کوشش کریں گے۔

https://p.dw.com/p/1DMPn
تصویر: Reuters/Lucas Jackson

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا نیو یارک میں شاندار استقبال کیا گیا اور ان کا خطاب سننے کے لیے امریکا بھر سے بھارتی نژاد امریکی شہریوں کے علاوہ اعلیٰ امریکی شخصیات بھی موجود تھیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ایک میلے کا سا سماں تھا اور یہ عوام سے بھرا ہوا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ اس ایرینا میں بیس ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور یہ گارڈن اسی وقت پُر ہوتا ہے جب کوئی معروف روک اسٹار اپنے فن کا مظاہرہ کرتا ہے یا پھر کھیلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ مودی کی تقریر سے قبل وہاں ایک ثقافتی پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں موسیقی اور دیگر ثقافتی شوز بھی منعقد کیے گئے۔

New York Narendra Modi Madison Square Garden Tänzer 28.09.2014
مودی کی تقریر سے قبل وہاں ایک ثقافتی پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیاتصویر: Reuters/Lucas Jackson

نریندر مودی جب خطاب کے لیے اسٹیج پر آئے تو ’مودی، مودی‘ کے نعروں سے میڈیسن اسکوائر گونج اٹھا۔ مودی نے کہا، ’’دنیا جس طریقے سے اس وقت بھارت کو دیکھتی ہے ، اس میں امریکا کی بھارتی کمیونٹی نے ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگ کہتے تھے کہ بھارتی لوگ سانپوں سے کھیلتے ہیں لیکن اب انہوں نے دیکھ لیا ہے کہ یہی عوام کمپیوٹر ماؤس سے کھیل رہے ہیں، جس کی وجہ سے دنیا کا چلن بدل گیا ہے۔

مودی نے زور دیا کہ ان کی حکومت بھارتی عوام کی ترقی کے لیے اکیلے کچھ حاصل نہیں کر سکتی بلکہ یہ اسی صورت میں ممکن ہو گا جب سارے بھارتی ان کا ساتھ دیں گے۔ اپنے 70 منٹ دورانیے کے خطاب میں ہندو قوم پرست سیاستدان مودی نے مزید کہا کہ اکیسویں صدی ایشیا کی صدی ہے اور بھارت دنیا بھر کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

بھارتی نژاد امریکی شہریوں کی طرف سے اپنے شاندار استقبال پر تبصرہ کرتے ہوئے نریندر مودی کا کہنا تھا، ’’آج تک کسی بھارتی رہنما کو اس طرح کی محبت نہیں ملی۔ میں اس محبت کا قرض چکاتے ہوئے بھارت کو آپ کے خوابوں کی تعبیر دوں گا۔‘‘ انہوں نے بھارتی نژاد غیر ملکیوں کو بھارت کا مستقل ویزا دینے کا عہد کیا اور کہا کہ امریکی شہریوں کو بھارت پہنچنے پر کوئی تاریخ طے کیے بغیر فوری طور پر ویزے جاری کیے جائیں گے۔

اپنے ملک کی ترقی کے منصوبہ جات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’لوگ ایک بڑے وژن کی بات کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ایک بڑا وژن پیش کیا جائے۔ تو میں انہیں کہتا ہوں کہ میں چائے بیچتا ہوا اس مقام پر پہنچا ہوں ۔۔۔ میں ایک چھوٹا اور عام انسان ہوں اور اسی لیے عام لوگوں کے لیے بڑے بڑے منصوبے رکھتا ہوں۔‘‘

New York Narendra Modi Madison Square Garden Empfang 28.09.2014
نریندر مودی جب خطاب کے لیے اسٹیج پر آئے تو ’مودی، مودی‘ کے نعروں سے میڈیسن اسکوائر گونج اٹھاتصویر: Reuters/Lucas Jackson

بھارتی وزیر اعظم منگل کے دن واشنگٹن میں امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کریں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس موقع پر بھی ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ قبل ازیں اپنے اسی دورہء امریکا کے دوران مودی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھی خطاب کیا تھا، جس دوران انہوں نے عالمی برادری کے سامنے بھارتی موقف کو مضبوط طریقے سے پیش کیا۔

یہ امر اہم ہے کہ بطور بھارتی وزیر اعظم امریکا کا پہلا دورہ کرنے والے مودی کو 2005ء میں امریکا کا ویزا جاری نہیں کیا گیا تھا۔ اس کی وجہ گجرات کے مسلم مخالف مذہبی فسادات میں ان کا مبینہ طور پر ملوث ہونا بتایا گیا تھا۔ مودی اس وقت گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے۔ تاہم مودی نے ہمیشہ ہی اس تناظر میں کسی بھی غلط اقدام کا مرتکب ہونے سے انکار کیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید