1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موسمیاتی تبدیلیوں پر یورپی یونین نے ’اولو العزم معاہدہ‘ طے کر لیا

عاطف توقیر24 اکتوبر 2014

یورپی یونین کے سربراہ اجلاس میں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ایک معاہدہ طے کر لیا ہے۔ یورپی کونسل کے صدر ہیرمان فان رومپوئے نے اسے ایک ’الوالعزم ڈیل‘ قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1DbLY
یورپی یونین سمٹ میں جرمن چانسلر انگیلا میرکلتصویر: picture alliance/AP Photo/ Geert Vanden Wijngaert

جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب برسلز میں یورپی سمٹ کے میں شریک رہنماؤں کی جانب سے اس معاہدے پر اتفاقِ رائے کے بعد ہیرمان فان رومپوئے نے اس معاہدہ کی تفصیلات بتائیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس ڈیل کے بعد اگلے برس اقوام متحدہ کی زیرنگرانی ایک بین الاقوامی معاہدے پر اتفاق رائے کے حوالے سے راہ خاصی ہموار ہو گئی ہے۔ اس معاہدے کے تحت یورپی یونین کی رکن ریاستوں نے موسمیاتی تبدیلی کے انسداد کی بابت سن 2030 تک کے لیے اہداف مقرر کیے ہیں۔

28 رکنی یورپی یونین کی اس سربراہ اجلاس میں شریک یورپی رہنماؤں نے اس معاہدے میں سبز مکانی گیسوں کے اخراج میں اگلے 16 برسوں میں 40 فیصد تک کمی پر اتفاق کیا ہے۔ ہیرمان فان رومپوئے نے اس معاہدے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے توانائی کے شعبے میں توانائی کے قابل تجدید ذرائع پر زیادہ انحصار کے حوالے سے موثر اقدامات کا عزم کیا گیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق اس حوالے سے یورپی یونین کی بعض رکن ریاستوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا۔ ان ریاستوں کا موقف تھا کہ توانائی کے ایسے ذرائع کو اس تیزی سے بروئے کار لانے کے لیے لاگت انتہائی زیادہ ہو گی۔

EU-Gipfel in Brüssel 23.10.2014 Schulz und Hollande
یورپی یونین سمٹ میں فرانسیسی صدرتصویر: picture-alliance/dpa/Wiktor Dabkowski

رومپوئے نے اس معاہدے کے حوالے سے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا، ’ڈیل! سبزمکانی گیسوں کے اخراج میں سن 2030تک کم از کم 40 فیصد کمی۔ یورپی یونین دنیا کی سب سے الوالعزم، شفاف اور مناسب لاگت کی حامل کلائمیٹ انرجی پالیسی پر رضامند ہو گئی۔‘

یہ بات اہم ہے کہ یورپی یونین اگلے برس نومبر اور دسمبر میں پیرس میں منعقد عالمی ماحولیاتی کانفرنس سے قبل اس معاہدہ پر اتفاق رائے کی خواہاں تھی، تاکہ دیگر ممالک کو بھی اس حوالے سے اقدامات کی ترغیب ہو۔ واضح رہے کہ موجودہ عالمی موحولیاتی معاہدہ کیوٹو کلائمیٹ ایکارڈ سن 2020 میں اپنی مدت مکمل کر رہا ہے اور اقوام متحدہ کی کوشش ہے کہ اس سے قبل بین الاقوامی برادری کسی نئے اور زیادہ موثر عالمی معاہدے پر اتفاق رائئے کر لے۔

یورپی کمیشن کے سربراہ یوزے مانویل باروسو نے کہا کہ اس ڈیل نے یورپی یونین کو پیرس کانفرنس سے قبل اس شعبے میں سب سے نمایاں کردار کا حامل کر دیا ہے۔