موصل کی بازیابی: جنگی صورت حال سے ماحولیاتی تباہی
17 دسمبر 2016’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف بغداد حکومت کا فوجی آپریشن جوں جوں آگے بڑھ رہا ہے، توں توں اُس سے زمین کا ماحول تباہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ آلودگی انسانوں کے لیے کئی برسوں تک مضر صحت رہے گی۔ موصل پر قبضے کی مہم میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے تیل کے کنوئیں کو آگ لگانے کے علاوہ گندھک کی ایک فیکٹری کو بھی آگ لگا دی ہے۔
آگ اور پانی کی آلودگی کے ساتھ فضا میں تباہ ہونے والی عمارتوں سے اٹھنے والی زہریلی گرد اور خاک، ہتھیار اور جنگی آلات بھی موصل اور گردونواح کے لوگوں کی جانوں کے لیے خطرے کا باعث ہوں گے۔ یہ کم مدتی آلودگی نہیں بلکہ اِس صورت حال کے زہریلے اثرات برسوں موجود رہنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
اِس مناسبت سے بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرین کی محققہ جینی اسپارکس کا کہنا ہے کہ مستقبل میں موصل کی جنگ سے عام لوگوں کی ذہنی نشو و نما پر منفی اثرات یقینی طور پر مرتب ہوں گے۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موصل کے قرب و جوار میں سینکڑوں لوگوں فیکٹریوں اور ہتھیاروں کے استعمال سے زہریلے کیمیائی مادوں کا سامنا کر رہے ہیں اور لاکھوں لوگ ایک بڑے علاقے میں زہریلے ماحول میں سانس لے رہے ہیں۔
موصل سے بیس کلومیٹر کی مسافت پر قیارہ کا شہر ہے اور اِس شہر پر عراقی فوج کے قبضے سے قبل داعش کے جہادیوں نے ارد گرد کے تیل کے کنووں میں آگ لگا دی اور یہ آگ کئی ہفتوں تک لگی رہی۔ عراق کا شہری دفاع کا محکمہ تیل کی کنوؤں میں لگی آگ کو بجھانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے لیکن یہ تمام عمل انتہائی سست ہے۔
اس آگ سے اٹھنے والے دھوئیں سے زمین پر گرنے والی سیاہ راکھ سے چارہ کھاتی بھیڑیں بھی سیاہ ہو کر رہ گئی ہیں۔ ایک مقامی کسان کے مطابق اس سیاہ راکھ کی وجہ سے بھیڑوں کے خریدار نہیں رہے اور کئی ہماری بھیڑیں اسں کی وجہ سے ہلاک بھی ہوئی ہیں اور یہ عام لوگوں کو بھاری مالی نقصان ہوا ہے۔ اسی طرح موصل کی بازیابی کی جنگ کے دوران ماحول کی آلودگی سے سبزیاں اور پھل بھی اپنے ذائقوں سے محروم ہو کر رہ گئی ہیں۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ زہریلے کمیکل مواد کے جلنے سے عام آدمی کی صحت کو بے پناہ خطرات کا سامنا ہو گا اور کئی متعدی موذی مرض پھیل سکتے ہیں۔